Live Updates

جائیداد کی خریداری پر ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح کم کردی گئی

حکومت نے کارپوریٹ سیکٹر پر عائد سپر ٹیکس میں بھی کمی کا فیصلہ کرلیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 11 جون 2025 13:10

جائیداد کی خریداری پر ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح کم کردی گئی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 جون 2025ء ) حکومت کی جانب سے کمرشل پراپرٹی، گھروں اور پلاٹس کی منتقلی پر عائد ایکسائز ڈیوٹی ختم کردی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی حکومت نے بجٹ میں کارپوریٹ سیکٹر اور ریئل سٹیٹ سے وابستہ افراد کے لیے کمرشل جائیدادوں، پلاٹس اور گھروں کی منتقلی پر عائد 7 فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کر دی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ کارپوریٹ سیکٹر پر عائد سپر ٹیکس میں بھی کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت حکومت نے سالانہ 20 سے 25 کروڑ روپے آمدنی رکھنے والے اداروں کے لیے سپر ٹیکس میں 0.5 فیصد کمی کی ہے، جائیداد کی خریداری پر عائد ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح میں بھی کمی ہوئی ہے، پہلی سلیب میں ٹیکس کو 4 فیصد سے کم کر کے 2.5 فیصد، دوسری سلیب میں 3.5 فیصد سے کم کر کے 2 فیصد اور تیسری سلیب میں 3 فیصد سے کم کر کے 1.5 فیصد کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ اسلام آباد میں جائیداد کی خریداری پر سٹامپ پیپر ڈیوٹی کو کم کر کے صرف 1 فیصد کر دیا گیا ہے، حکومت نے مورگیج فنانسنگ کو فروغ دینے کے لیے بھی اقدامات کا اعلان کیا ہے، ان اقدامات کے بعد ملک میں پراپرٹی کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ علاوہ ازیں وفاقی حکومت نے بجٹ میں مقامی گاڑیوں کے انجن کی امپورٹ پرڈیوٹی 5 فیصد کم کی ہے، مقامی گاڑیوں کے خام مال اور سی کےڈی پر ڈیوٹی 20 فیصد کی بجائے 15 فیصد کردی گئی ہے، ریڈیو براڈ کاسٹ ٹرانسمیٹرز پر ڈیوٹی 20 سے کم کرکے 15 فیصد، ٹی وی براڈ کاسٹ ٹرانسمیٹر پر ڈیوٹی 20 کے بجائے 15 فیصد، وائرلیس مائیکرو فون پر کسٹم ڈیوٹی 20 سے کم کرکے 15 فیصد کردی گئی۔

اسی طرح وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سالانہ 6 لاکھ روپے سے 12 لاکھ روپے تک تنخواہ پر ٹیکس کی شرح 5 فیصد سے کم کرکے ایک فیصد، 12لاکھ تنخواہ پر ٹیکس 30 ہزار سے کم کرکے 6 ہزار، 22 لاکھ روپے تک تنخواہ پر ٹیکس کی شرح کم کرکے 15 فیصد کی بجائے 11 فیصد جبکہ 22 لاکھ سے 32 لاکھ روپے تک تنخواہ پر سالانہ ٹیکس کی شرح 25 فیصد سے کم کرکے 23 فیصد کر دی ہے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :