Live Updates

بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں ہیلی کاپٹر حادثہ، 7 افراد ہلاک ہوگئے

ہیلی کاپٹر کیدارناتھ سے گپت کاشی کیلئے روانہ ہوا اور اڑان کے کچھ دیر بعد ہی گر کر تباہ ہوگیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 15 جون 2025 11:53

بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں ہیلی کاپٹر حادثہ، 7 افراد ہلاک ہوگئے
نئی دہلی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 جون 2025ء ) بھارت کی ریاست اتر آکھنڈ میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک ہوگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر کیدارناتھ سے گپت کاشی کے لیے روانہ ہوا تھا کہ بھارتی ریاست اترا کھنڈ کے ضلع رودرا پریاگ میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا اس حادثے میں کم از کم 7 افراد ہلاک ہوئے، ہیلی کاپٹر آریان ایوی ایشن پرائیویٹ لمیٹڈ کا تھا جو کیدارناتھ سے گپت کاشی کے لیے روانہ ہوا تھا لیکن اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد ہی گوری کند اور تری جوگی نارائن کے درمیان گر کر تباہ ہوگیا۔

بتایا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر صبح ساڑھے پانچ بجے روانہ ہوا تھا، حادثے کے وقت علاقے میں دھند اور خراب موسم کی وجہ سے حدِ نگاہ کم تھی ممکنہ طور پر اسی وجہ سے حادثہ پیش آیا، حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں موقع پر روانہ کر دی گئیں جب کہ وزیرِاعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ریسکیو ٹیموں کو فوری امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کردی۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ چند روز قبل ہی بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں تکنیکی خرابی کے باعث ایک نجی ہیلی کاپٹر نے سڑک پر ہنگامی لینڈنگ کی تھی، ہیلی کاپٹر کو اڑان بھرنے کے فوری بعد ہی ہنگامی لینڈنگ کرتے ہوئے دیکھا گیا، لینڈنگ کے بعد کافی دیر تک ہیلی کاپٹر ہچکولے بھی کھاتا رہا، اس میں سوار تمام پانچ مسافر محفوظ رہے تاہم پائلٹ کو معمولی چوٹیں آئیں، اسی روٹ پر گزشتہ تیس دنوں کے دوران ہیلی کاپٹر کو حادثے کا یہ چوتھا واقعہ تھا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات