پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے سرحدی علاقے میں آپریشن، مطلوب خارجی دہشتگرد ہلاک

سرحدی علاقے میں پہاڑوں پر دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس اور انٹیلی جنس اداروں نے آپریشن کیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 15 جون 2025 12:05

پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے سرحدی علاقے میں آپریشن، مطلوب خارجی دہشتگرد ..
پشاور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 جون2025ء ) صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے سرحدی علاقے میں پولیس اور انٹیلی جنس اداروں کے مشترکہ آپریشن میں خوارجی دہشت گرد مولوی نذیر کمانڈر ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق پنجاب اور کے پی کے سرحدی علاقے میں پہاڑوں پر دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس اور انٹیلی جنس اداروں کی جانب سے آپریشن کیا گیا، آپریشن کے نتیجے میں خوارجی دہشت گرد مولوی نذیر کمانڈر مارا گیا جب کہ اس آپریشن میں سکیورٹی فورسز کو مقامی افراد کی مدد بھی حاصل رہی۔

(جاری ہے)

ادھر صوبہ بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی میں پولیس گاڑی پر دستی بم حملے میں 2 پولیس اہلکار شہید جب کہ ایک زخمی ہوگیا، پولیس حکام نے بتایا کہ ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی کی طوطا کالونی میں نامعلوم افراد نے گشت پر مامور پولیس موبائل پر دستی بم پھینکا جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، اس دھماکے کے نتیجے میں پولیس موبائل میں سوار 2 اہلکار نصر الدین اور رحیم علی شہید جب کہ ایک اہلکار سب انسپکٹر انور زخمی ہوگیا، جسے طبی امداد کیلئے سوئی کے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔