عدالت کا بانی پی ٹی آئی کے پولی گرافک اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کیلئے مزید مہلت دینے سے انکار

بدھ 11 جون 2025 16:26

عدالت کا بانی پی ٹی آئی کے پولی گرافک اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کیلئے مزید ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2025ء) لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے پولی گرافک اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کے حوالے سے فیصلہ سنا دیا۔ قبل ازیں منگل کو عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا ۔بدھ کے روز عدالت کے جج منظر علی گل نے فیصلہ سناتے ہوئے پولیس کو مزید مہلت دینے سے انکار کر دیا۔

(جاری ہے)

فیصلے میں کہا گیا کہ عدالت پہلے ہی دو بار پولیس کو ملزم کے ٹیسٹ کرانے کے لئے مہلت دے چکی ہے لیکن ملزم کے مسلسل دو بار انکار کے بعد تیسری بار موقع دینا محض وقت کا ضیاع ہوگا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ پولیس ملزم کا پولی گرافک اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کرانے میں ناکام رہی ہے۔واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف جناح ہائوس حملے سمیت 12 مقدمات درج ہیں جن کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت میں جاری ہے۔پولیس جناح ہائوس جلائو گھیرا ئوسمیت بارہ مقدمات میں ٹیسٹ کروانا چاہتی ہے۔