Live Updates

وفاقی بجٹ کو مسترد کرتے ہیں، صدرآل پاکستان انجمن تاجران

حکومت نے اپنے اخراجات اورمراعات میں کمی کا اعلان کیوں نہیں کیا، اجمل بلوچ

بدھ 11 جون 2025 17:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2025ء)صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت نے اپنے اخراجات اور مراعات میں کمی کا اعلان کیوں نہیں کیا، اراکین اور وزیروں مشیروں کی تنخواہیں بڑھا دی گئیں، ہم وفاقی بجٹ کو مسترد کرتے ہیں۔آل پاکستان انجمن تاجران کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق صدر اجمل بلوچ نے کہا کہ حکومت نے اپنے اخراجات اور مراعات میں کمی کا اعلان کیوں نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ سے پہلے اسمبلی اراکین اور وزیروں مشیروں کی تنخواہیں بڑھا دی گئیں، قومی اسمبلی ، سینیٹ اور حکومتی اخراجات میں 28 فیصد اضافہ عوام پر بوجھ نہیں۔اجمل بلوچ نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینٹ کے صرف کرسی پر بیٹھنے کی تنخواہ 13،13 لاکھ کر دی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت عام آدمی کی قوت خرید کو بڑھانے میں ناکام رہی ہے، عام آدمی میں قوت خرید نہ ہونے کی وجہ سے مینوفیکچرر اور ریٹیلرز کا نقصان ہو رہا ہے، خریدار میں اگر خریداری کی سکت نہیں ہوگی تو معاشی حالات کیسے بہتر ہوں گے۔

انہوںنے کہاکہ بجائے بجلی سستی کرنے کے سولر کی امپورٹ پر 18 فیصد سیل ٹیکس لگا دیا گیا، مفت بجلی اور بجلی چوری پر قابو پانے کے لیے کوئی بات نہیں کی گئی۔صدر آل پاکستان انجمن تاجران نے کہا کہ وزیر خزانہ نے بجٹ تقریر میں آئی پی پیز کا ذکر تک نہیں کیا، آئی پی پیز کے ساتھ ظالمانہ معاہدوں نے عوام کی کمر توڑ رکھی ہے، آئی پی پیز معاہدے ری شیڈول کرکے مہنگی بجلی کے عذاب سے نجات دلائی جائے۔انہوںنے کہاکہ بجلی کے بل پر پہلے ہی 13 قسم کے ٹیکسز تھے کاربن لیوی کی کمی باقی تھی، کالے قانون والے اختیارات واپس نہ لیے گئے تو مشاورت کے بعد اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات