پنجاب کے جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات، بروقت کارروائی سے قیمتی اثاثے محفوظ

منگل کو مری اور اٹک کے جنگلات میں آگ لگنے کے تین واقعات رپورٹ ہوئے، محکمہ جنگلات

بدھ 11 جون 2025 19:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2025ء) پنجاب بھر میں درجہ حرارت بڑھنے کے باعث جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔محکمہ جنگلات پنجاب کی جانب سے فائر ایمرجنسی رسپانس سسٹم کے تحت بروقت اور موثر کارروائی کرتے ہوئے ان واقعات پر قابو پا لیا گیا جس سے قیمتی جنگلات اور قدرتی وسائل کو بڑے نقصان سے بچا لیا گیا۔

محکمہ جنگلات پنجاب کے ترجمان کے مطابق 10جون کو مری اور اٹک کے جنگلات میں آگ لگنے کے تین واقعات رپورٹ ہوئے۔ پہلا واقعہ شام 7بجے سمبلی جنگل (ضلع مری)کے کمپارٹمنٹ نمبر 85میں، دوسرا واقعہ رات 9بجے کوٹلی جنگل (ضلع مری)کے کمپارٹمنٹ نمبر 20جبکہ تیسرا واقعہ رات 2بجے اٹک خرد جنگل کے کمپارٹمنٹ نمبر 15میں پیش آیا۔محکمہ جنگلات کے تربیت یافتہ فیلڈ اسٹاف نے برق رفتاری، پیشہ ورانہ مہارت اور انتھک محنت کا مظاہرہ کرتے ہوئے تینوں مقامات پر لگی آگ پر بروقت قابو پایا۔

(جاری ہے)

ان واقعات میں مجموعی طور پر 3.5ایکڑ رقبے پر موجود جھاڑیاں اور گھاس متاثر ہوئیں تاہم کوئی جانی یا مالی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔محکمہ جنگلات کے ترجمان کے مطابق گرمیوں میں درجہ حرارت بڑھنے کے ساتھ ہی جنگلات میں آگ لگنے کے خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ جنگلات کے نزدیک آگ جلانے یا سگریٹ نوشی سے گریز کریں تاکہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ دو روز قبل کوٹلی ستیاں کے کڑور جنگل اور لہترار کے گزارہ علاقے میں بھی آگ بھڑکنے کے واقعات پیش آئے، جہاں محکمہ جنگلات کے فائر فائٹرز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ کو چند گھنٹوں میں مکمل طور پر بجھا دیا، ان واقعات میں بھی صرف چند ایکڑ رقبے پر جھاڑیاں متاثر ہوئیں اور کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔محکمہ جنگلات کا عملہ ہر وقت الرٹ ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر فاریسٹ فائرز میں کمی کے لیے جامع اقدامات جاری ہیں تاکہ قدرتی ماحول اور جنگلات کو محفوظ بنایا جا سکے۔