ہماری منزل ایک خوشحال، باوقار اور باہمی ہمدردی پر مبنی معاشرہ ہے، شمسہ مہ جبین

صدائے انسانیت تنظیم ہمیشہ سے بلا امتیاز دکھی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش رہی ہے

بدھ 11 جون 2025 21:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2025ء) صدائے انسانیت سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن شمسہ مہ جبین نے کہا ہے کہ صدائے انسانیت کے تحت جلد ہی مختلف علاقوں میں موبائل ہیلتھ یونٹس، سلائی سینٹرز اور بچوں کے لیے فری ٹیوشن کلاسز کا آغاز کیاجائے گا تاکہ مستقل بنیادوں پر عوام کی بہتری کے لیے کام کیا جا سکے۔انہوں نے معاشرے کے صاحبِ استطاعت افراد سے اپیل کی کہ وہ آگے بڑھ کر صدائے انسانیت ویلفیئر آرگنائزیشن کا ساتھ دیں تاکہ یہ فلاحی کام مزید علاقوں تک پھیلایا جا سکے۔

ہماری منزل ایک خوشحال، باوقار اور باہمی ہمدردی پر مبنی معاشرہ ہے اور یہ اسی وقت ممکن ہے جب ہر فرد اپنی ذمہ داری سمجھے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عیدالاضحی کے ایام میں شہر کے مختلف علاقوں کے دورہ جات کے دوران مقامی معززین، خواتین، بزرگوں اور عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

شہریوں نے بھی چیئرپرسن کے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے ان کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا اور اس بات کا عزم کیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں انسانی خدمت کے مشن کو آگے بڑھائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ عیدالاضحی قربانی کا تہوار ہی نہیں بلکہ ایثار، ہمدردی اور انسانیت کی خدمت کا پیغام بھی ہے۔شمسہ مہ جبین نے کہا کہ فلاحی تنظیمیں معاشرتی فلاح و بہبود کی ضامن ہوتی ہیں اور صدائے انسانیت تنظیم ہمیشہ سے بلا امتیاز دکھی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس عید پر بھی تنظیم نے سینکڑوں مستحق خاندانوں میں قربانی کا گوشت، راشن بیگز، نئے کپڑے اور نقد امداد تقسیم کی۔

ان فلاحی سرگرمیوں کا مقصد ان لوگوں کو خوشیوں میں شریک کرنا ہے جو مالی وسائل کی کمی کی وجہ سے عید کی خوشیوں سے محروم رہتے ہیں۔چیئرپرسن شمسہ مہ جبین نے دورانِ دورہ مقامی افراد سے ان کے مسائل دریافت کیے، خواتین سے تعلیم و صحت کے مسائل پر تفصیلی گفتگو کی اور بزرگوں کی دعائیں حاصل کیں۔

متعلقہ عنوان :