ہ* جی ڈی اے ایئرپورٹ پمپنگ اسٹیشن کو روزانہ کی بنیاد پر 40 لاکھ گیلن پانی فراہم کرے گا

۳ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی جانب سے شہر کو پانی کی ترسیل میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آنے کی یقین دہانی کرائی گئی

بدھ 11 جون 2025 21:35

گوادر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جون2025ء)رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ اور ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمن کی زیر صدارت چلو گواد رکھ میں پانی کے مسائل اور مستقبل کے لائحہ عمل پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف انجینئر سید محمد بلوچ، ایکسین پی ایچ ای مومن بلوچ، پروجیکٹ ڈائریکٹر عمانی گرانٹ شعیب گچکی، ایکسین ایریگیشن فرید پندرانی، ایس ڈی او ایریگیشن بیبگر بلوچ کے علاوہ معروف سیاسی و سماجی شخصیات واجہ حسین واڈیلہ اور حفیظ کیازی نے شرکت کی۔

اجلاس سے قبل رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے سہوڈ ڈیم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے متعلقہ انجینیئروں کے ہمراہ ڈیم میں پانی کی سطح، مشینری اور پمپنگ سسٹم کا تفصیلی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کئی اہم فیصلے کیے گئے، جن میں نمایاں فیصلہ یہ تھا کہ جی ڈی اے ایئرپورٹ پمپنگ اسٹیشن کو روزانہ کی بنیاد پر 40 لاکھ گیلن پانی فراہم کرے گا، جب کہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی جانب سے شہر کو پانی کی ترسیل میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔

اس کے علاوہ سہوڈ ڈیم پر بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے کیسکو کی طرف سے زیرو لوڈشیڈنگ کا فیصلہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر حمود الرحمن نے چیف ایگزیکٹو کیسکو بلوچستان یوسف شاہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جنہوں نے زیرو لوڈشیڈنگ کی مکمل یقین دہانی کروائی۔اجلاس میں شادی کور ڈیم کو چوڑ ڈیم سے منسلک کرنے اور دیگر ڈیمز کے پانی کو پسنی شیر اور گردونواح کے علاقوں تک پہنچانے سے متعلق امور پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔