اسرائیلی وزیر بن گویر کامسجد اقصیٰ کےاحاطے میں دھاوا

جمعرات 12 جون 2025 11:50

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) اسرائیلی وزیر برائے قومی سلامتی ایتمار بن گویر نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ بدھ کی صبح بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ پر دھاوا بولا۔ العربیہ اردو کے مطابق بیت المقدس میں اسلامی اوقاف کی وزارت نے بیان میں کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ کے صحنوں کے دورے کے دوران اسرائیلی وزیر برائے قومی سلامتی ایتمار بن گویر کے ہمراہ قابض پولیس کے کئی اعلیٰ افسران بھی تھے۔

جرمن خبر رساں ایجنسی کے مطابق اس دوران مسجد کے ارد گرد تقریباً 100سکیورٹی اہل کار تعینات تھے۔ یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا جب برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور ناروے نے گزشتہ روز اسرائیلی وزیر برائے قومی سلامتی بن گویر اور وزیر خزانہ بزلیل سموٹرچ پر فلسطینیوں کے خلاف بار بار تشدد پر اکسانے کے الزام میں پابندیاں عائد کر دی ہیں ۔

(جاری ہے)

ادھر بیت المقدس کی مذہبی اور سماجی شخصیات نے فلسطینی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مسجد اقصیٰ کی طرف رخ کریں اور وہاں قیام کریں تاکہ ان کوششوں کوروکا کیا جا سکے جنھیں وہ نئے حالات مسلط کرنے اور مسجد کی زمانی و مکانی تقسیم کی سازش قرار دیتے ہیں۔ واضح رہے کہ بیت المقدس کے مشرقی حصے، خصوصاً مسجد اقصیٰ کے اطراف میں گزشتہ کئی ماہ سے کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے کیونکہ اسرائیلی حکام اور یہودی آباد کار بار بار مسجد میں داخل ہو رہے ہیں، جسے فلسطینی اور اسلامی مذہبی ادارے اشتعال انگیزی اور مقدس مقام کے موجودہ درجہ کو چیلنج قرار دیتے ہیں۔