نارووال،بجلی کے وولٹیج میں کمی کا مسئلہ شدت اختیار کر گیا،الیکٹرانکس اشیاء ناکارہ ہونے لگیں

جمعرات 12 جون 2025 13:52

نارووال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2025ء)بجلی کے وولٹیج میں کمی کا مسئلہ شدت اختیار کر گیا،الیکٹرانکس اشیاء ناکارہ ہونے لگیں۔بتایا گیا ہے کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال کے حلقہ انتخاب نارووال اور گردونواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے ساتھ ساتھ بجلی کے وولٹیج میں کمی کا مسئلہ بھی سنگین صورتحال اختیار کرتا جا رہا ہے،شہر کے مختلف علاقوں محلہ ہجویر نگر ،ذاکر پورہ،اسلام پورہ میں سارا سارا دن بجلی کے وولٹیج انتہائی کم آتے ہیں جس کی وجہ سے اے سی تو درکنار پنکھے بھی نہیں چل رہے۔

(جاری ہے)

جبکہ الیکٹرانکس اشیاء کے جلنے کا خطرہ بھی رہتا ہے۔لو وولٹیج کی وجہ سے اے سی اور فریج وغیرہ جواب دے گئے ہیں۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ یہاں پر وہی ٹرانسفارمر چل رہے ہیں جب آبادی کم تھی اب آبادی زیادہ ہونے کی وجہ سے ان پر لوڈ پڑ گیا ہے اس کے علاہ بجلی کے پول دور ہونے کی وجہ سے لوگوں نے سو سو گز لمبی تار استعمال کی ہوئی ہے جس سے بجلی کے وولٹیج انتہائی کم آتے ہیں ۔انہوں نے وفاقی وزیر احسن اقبال اور گیپکو حکام سے مطالبہ کیا کہ آبادی کے مطابق ہیوی ٹرانسفارمر لگائے جائیں اور فور کور کیبل ڈالی جائے تاکہ وولٹیج کی کمی کو دور کیا جا سکے۔