بھارتی ایئرلائن کا مسافر طیارہ احمد آباد میں گر کر تباہ

پرواز میں 242 مسافر سوار تھے جن میں سے متعدد کے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 12 جون 2025 13:49

بھارتی ایئرلائن کا مسافر طیارہ احمد آباد میں گر کر تباہ
احمد آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جون 2025ء ) بھارتی ایئرلائن کا مسافر طیارہ لندن کی پرواز کے کچھ ہی دیر کے بعد احمد آباد میں گر کر تباہ ہوگیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ٹیک آف کے دوران احمد آباد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب ایئر انڈیا کی احمد آباد سے لندن کی پرواز کو حادثہ پیش آیا، یہ واقعہ معمول کی پرواز کے دوران پیش آیا جس کے فوری بعد علاقے میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی اور ریسکیو ادارے فوری جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

بتایا گیا ہے کہ اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی احمد آباد فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے آگ بجھانے والی پانچ سے زیادہ گاڑیاں حادثے کے مقام پر پہنچادیں، حکام نے تصدیق کی ہے کہ حادثہ کا الرٹ جاری ہونے کے بعد فائر ٹینڈرز کو تیزی سے متحرک کیا گیا، جس کے بعد ہنگامی ٹیمیں مسلسل امدادی ردعمل اور تشخیصی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

فائر ڈپارٹمنٹ کے ایک سینیئر اہلکار نے بتایا کہ "مختلف سٹی ڈویژنوں سے پانچ سے زیادہ فائر گاڑیوں کی ایک ٹیم مقام پر پہنچ چکی ہے، آگ پر قابو پانے کے اقدامات احتیاط کے طور پر کیے جا رہے ہیں"، احمد آباد سے لندن جانے والی اس پرواز میں 242 مسافر سوار تھے جن میں سے متعدد کے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا گیا، واقعے کی وجہ اور طیارے کو پہنچنے والے نقصان کی تاحال سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہوسکی تاہم ہوائی اڈے کے حکام نے اندرونی انکوائری شروع کر دی ہے جب کہ ایک تکنیکی ٹیم صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :