ایسٹر گرانٹ 2025 کی تقریب،صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے 100 مسیحی خاندانوں میں چیک تقسیم کئے

حکومت اقلیتوں کو مساوی حقوق فراہم کرنے، انکی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے ،انہیں قومی ترقی کے عمل میں شریک کرنے کے عزم پر کاربند ہے

جمعرات 12 جون 2025 16:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2025ء) صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے بھٹی آرکیڈ نزد نیسٹول ایئرپورٹ، کینٹ (بھٹہ چوک) میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں شرکت کی، جہاں انہوں نے ایسٹر گرانٹ 2025 کے تحت 100 مسیحی خاندانوں میں فی کس 15,000 روپے کے چیک تقسیم کیے۔ تقریب میں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ ہولڈر نعیم شہزاد بھٹی، مختلف سیاسی و سماجی شخصیات، اقلیتی برادری کے نمائندگان اور معززین علاقہ نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی یہ تقریب وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی اقلیت دوست پالیسیوں کا عملی مظہر ہے۔ ہماری حکومت اقلیتوں کو مساوی حقوق فراہم کرنے، ان کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے اور انہیں قومی ترقی کے عمل میں شریک کرنے کے عزم پر کاربند ہے۔

(جاری ہے)

ایسٹر گرانٹ جیسے اقدامات نہ صرف ہماری اقلیتوں سے وابستگی کو ظاہر کرتے ہیں بلکہ ایک پرامن، یکساں اور مضبوط پنجاب کی بنیاد بھی رکھتے ہیں۔

انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں اقلیتوں کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مریم نواز شریف نہ صرف اقلیتوں کے مسائل کو ذاتی توجہ دیتی ہیں بلکہ ان کی حکومت نے عملی طور پر ایسے منصوبے شروع کیے ہیں جن سے اقلیتوں کی زندگی میں حقیقی بہتری آ رہی ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کردہ مینارٹی کارڈز اقلیتوں کے لیے ایک اہم سنگ میل ہیں۔

یہ کارڈ نہ صرف ان کی شناخت کا ذریعہ ہیں بلکہ صحت، تعلیم، مالی امداد اور روزگار سمیت متعدد حکومتی سہولیات کے دروازے بھی کھولتے ہیں۔ صوبائی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ پنجاب حکومت تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی، تحفظ اور برابری کی ضمانت دیتی ہے۔ ہماری اقلیتیں آج پہلے سے زیادہ محفوظ اور خودمختار ہیں۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت نیصوبے بھر میں چرچز، گردواروں، مندروں اور دیگر عبادتگاہوں کی بحالی و تعمیر کے لیے خصوصی فنڈز مختص کیے ہیں تاکہ مذہبی آزادی کے ساتھ ساتھ عبادت کی سہولیات بھی بہتر بنائی جا سکیں۔

انہوں نے تمام اقلیتی برادری کو یقین دہانی کروائی کہ حکومت پنجاب ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی فلاح و ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔