احمد آباد میں مسافر طیارہ کیسے گر کر تباہ ہوا؟ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

لندن کے لیے مقامی وقت دوپہر 1 بج کر 30 منٹ پر اُڑان بھرنے والا طیارہ احمد آباد کے رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہوا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 12 جون 2025 16:13

احمد آباد میں مسافر طیارہ کیسے گر کر تباہ ہوا؟ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
احمد آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جون 2025ء ) بھارت کے شہر احمد آباد میں مسافر طیارہ کیسے گر کر تباہ ہوا؟ ھادثے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر احمد آباد میں مسافر طیارہ ٹیک آف کے کچھ ہی دیر بعد گر کرتباہ ہوگیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے، لندن گیٹوک کے لیے مقامی وقت دوپہر 1 بج کر 30 منٹ پر اُڑان بھرنے والا طیارہ احمد آباد کے رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہوا، اس کی 17 سیکنڈ کی مختصر ویڈیو سامنے آئی ہے جو اس رہائشی علاقے کے کسی مکین نے حادثے کے وقت اپنے موبائل فون میں ریکارڈ کی۔

 

مسافر طیارے کے حادثے میں 100 سے زائد ہلاکتوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، لندن جانے والا طیارہ احمد اباد کے میگھانی نگر علاقے میں کریش ہوا، پرواز کے بعد 625 فٹ کی بلندی پر طیارے کا رابطہ منقطع ہوگیا جس کے کچھ ہی دیر کے بعد طیارہ ڈاکٹرز کے ہاسٹل کے قریب گر کر تباہ ہوا جس کے بعد علاقے میں دھوئیں کے سیاہ بادل چھا گئے، حادثے کے بعد احمد آباد ایئرپورٹ پر پروازوں کی آمد و رفت عارضی طور پر بند کردی گئی۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے طیارے پر سوار مسافروں میں 169 بھارتی اور 53 برطانوی شہری سوار تھے، مسافروں میں پرتگال کے 7 اور کینیڈا کا ایک شہری بھی شامل ہے، طیارے پر مجموعی طور پر 242 افراد سوار تھے جن میں دو پائلٹ اور عملے کے 10 اراکین شامل ہیں، اس کے علاوہ سابق وزیراعلیٰ گجرات وجے روپانی بھی ایئر انڈیا کی اس بدقسمت پرواز میں سوار تھے، طیارہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔