حیدرآباد میں ریلوے ٹریک کو دھماکے سے اڑانے کی کوشش ناکام بنادی گئی، 3 دہشتگرد گرفتار

ملزمان کے قبضے سے دو ہینڈ گرینیڈ، بارودی مواد، ڈیٹونیٹر، بال بیئرنگ، نٹ بولٹ، ریموٹ کنٹرول، تاریں و دیگر اسلحہ برآمد

Sajid Ali ساجد علی منگل 19 اگست 2025 12:36

حیدرآباد میں ریلوے ٹریک کو دھماکے سے اڑانے کی کوشش ناکام بنادی گئی، ..
حیدرآباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اگست 2025ء ) صوبہ سندھ کے شہر حیدرآباد میں ریلوے ٹریک کو دھماکے سے اڑانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 3 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حیدرآباد کے علاقہ قاسم آباد میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ڈی ڈی) نے خفیہ اطلاعات ملنے پر کارروائی کرتے ہوئے ریلوے ٹریک پر دہشت گردی کی کوشش ناکام بنا دی اور 3 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا، جن کا تعلق کالعدم تنظیم ایس آر اے سے ہے، گرفتار ملزمان میں عامر لطیف چانگ، شعیب چانگ اور شعبان چانگ شامل ہیں، جن کے قبضے سے دو ہینڈ گرینیڈ، بارودی مواد، ڈیٹونیٹر، بال بیئرنگ، نٹ بولٹ، ریموٹ کنٹرول، تاریں اور دیگر غیر قانونی اسلحہ برآمد ہوا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ملزمان پنجاب جانے والے کارگو ٹریلرز پر فائرنگ میں ملوث رہے، عامر لطیف چانگ ریلوے ٹریک پر بم دھماکے کا مرکزی ملزم ہے، جس پر 20 لاکھ روپے کا ہیڈ منی مقرر تھا، ایس آر اے نیٹ ورک نور چانڈیو کے زیرِ نگرانی چل رہا تھا، ملزمان نے نور چانڈیو کے کہنے پر دہشتگردی کا منصوبہ بنایا، تاہم 14 اگست کو یہ منصوبہ سخت سکیورٹی کے باعث ناکام رہا، ملزمان سے تفتیش کی روشنی میں مزید گرفتاریوں کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری طرف صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سکیورٹی فورسز نے ریلوے اسٹیشن پر خود کش حملے کے سہولتکار کی نشاندہی پر خود کش بمبار تیار کرنے والے بیوٹیمز یونیورسٹی کے پی ایچ ڈی پروفیسر سمیت فتنہ الہندوستان کے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا، گرفتار دہشت گردوں نے جشن آزادی کی تقریبات میں خود کش حملوں اور بم دھماکوں کا منصوبہ بنایا تھا۔

سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جولائی کے آخری ہفتے میں خفیہ اطلاع ملی تھی کہ کالعدم تنظیم کے دہشتگردوں نے اگست کے آغاز سے ہی کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں دہشتگردی کا منصوبہ بنایا ہے جس پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشتگردی کے منصوبے کو ناکام بنانے کی حکمت عملی تیار کی اور صوبے بھر میں دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے کارروائیوں کا آغاز کردیا گیا۔

سکیورٹی ذرائع کی جانب سے بتایا گیا کہ 11 اگست کو کوئٹہ سے ایک خود کش حملہ آور کو گرفتار کیا گیا، جس نے ابتدائی تفتیش میں انکشاف کیا کہ اسے خود کش حملے کے لیے بیوٹیمز یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر عثمان قاضی نے تیار کیا اس کے علاوہ اور بھی بمبار تیار کیے گئے ہیں، گرفتار بمبار کی نشاندہی پر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے خودکش بمبار تیار کرنے والے بیوٹیمز یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر عثمان قاضی کو افنان ٹاؤن سے گرفتار کیا اور اس کی نشاندہی پر مزید ایک اور بمبار کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔