Live Updates

9 مئی مقدمات؛ عمران خان کی اپیلوں پر فریقین کو آج ہی دستاویزات جمع کرانے کا حکم

آپ نے جو کچھ دستاویزات جمع کروائے ہیں میں ان کو دیکھ نہیں سکا؛ چیف جسٹس کا وکیل سلمان صفدر سے مکالمہ، سپریم کورٹ نے اپیلوں پر سماعت کل تک ملتوی کردی

Sajid Ali ساجد علی منگل 19 اگست 2025 13:11

9 مئی مقدمات؛ عمران خان کی اپیلوں پر فریقین کو آج ہی دستاویزات جمع ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اگست 2025ء ) سپریم کورٹ نے نو مئی کے مقدمات میں سابق وزیراعظم عمران خان کی اپیلوں پر فریقین کو آج ہی دستاویزات جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے پاکستان تحریک انصاف کے پیٹرن انچیف عمران خان کی نو مئی سے متعلق ضمانت کی اپیلوں پر سماعت کی، اس حوالے سے وکیل درخواست گزار سلمان صفدر اور سپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی عدالت میں پیش ہوئے، عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان بھی اس موقع پر عدالت میں موجود تھیں۔

دوران سماعت جسٹس یحییٰ آفریدی نے سلمان صفدر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ نے گزشتہ روز دستاویزات جمع کروائے تھے، کل ساڑھے 10 بجے تک دستاویزات کو دیکھ لیتے ہیں، ہمیں بھی تو دستاویزات کو پڑھنا ہے کیوں کہ آپ نے جو کچھ دستاویزات جمع کروائے ہیں، میں ان کو دیکھ نہیں سکا، ایسا کرتے ہیں کیس کی سماعت کل ساڑھے 11 بجے تک ملتوی کردیتے ہیں‘۔

(جاری ہے)

اس پر وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ ’چند فیصلوں کے حوالے سے دستاویزات جمع کروائے ہیں‘، اس پر چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ ’اس حوالے سے مزید بھی اگر کسی فریق نے کوئی بھی دستاویزات جمع کرانے ہیں تو وہ آج ہی کرادے، اس کے علاوہ پراسیکیوشن بھی ملزم کی طرف سے جمع کرائی گئی دستاویزات کا جائزہ لے لیں‘، بعد ازاں سپریم کورٹ نے اپیلوں پر سماعت کل تک ملتوی کردی۔

عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پہلے وکالت کرنا بہت آسان تھا اور اب وکالت پہلے سے بہت مشکل ہو گئی ہے، اور یہ مشکلات عدلیہ نے پیدا کی ہیں لیکن میں سمجھتا ہوں 9 مئی کیسز میں عمران خان کی ضمانت کا کیس کل کے بعد مزید تاخیر کا شکار نہیں ہوگا کیوں کہ پہلے ہی 6 مہینے یہ ضمانت کا کیس نیچے ہائیکورٹ میں لٹکایا جاتا رہا لیکن اب میں سپریم کورٹ سے ضمانت کیلئے پرامید ہوں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات