Live Updates

معافی کیوں منگوا رہے ہیں؟ معافی وہ مانگیں جنہوں نے ظلم کیا ہے، علیمہ خان

فوٹیج پیش کرو اور عدالت کو فیصلہ کرنے دو، اللہ تعالٰی ان ججز کو ہمت دے کہ وہ انصاف کریں، اگر سارے فیصلے بادشاہ سلامت نے کرنے ہیں تو پھر عدالت کو بند کردیں؛ عمران خان کی ہمشیرہ کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل 19 اگست 2025 12:19

معافی کیوں منگوا رہے ہیں؟ معافی وہ مانگیں جنہوں نے ظلم کیا ہے، علیمہ ..
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اگست 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے پیٹرن انچیف عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ معافی کیوں منگوا رہے ہیں؟ معافی وہ مانگیں جنہوں نے ظلم کیا ہے۔ راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فوٹیج پیش کرو اور عدالت کو فیصلہ کرنے دو، اللہ تعالٰی ان ججز کو ہمت دے کہ وہ انصاف کریں، اگر سارے فیصلے بادشاہ سلامت نے کرنے ہیں تو پھر عدالت کو بند کردیں لیکن جو یہ سوچتے ہیں کہ عمران خان ڈر جائے گا اور ڈیل کرلے گا تو پھر پاکستانی قوم عمران خان کو بہتر جانتی ہے، عمران خان دو ٹوک کہہ چکے ہیں وہ اس نظام کو قبول نہیں کریں گے، عمران خان اپنے لیے نہیں ملک کی خاطر جیل میں ہیں۔

علیمہ خان کا کہنا ہے کہ عمران خان کے اوپر تین دفعہ قاتلانہ حملے ہو چکے ہیں، عمران خان کئی بار کہہ چکے ہیں کہ اُن کی زندگی اور موت جنرل عاصم مُنیر کے ہاتھ میں نہیں، اللہ کے ہاتھ میں ہے لیکن ہم جو باہر بیٹھے ہیں ہمیں تو کچھ کرنا ہوگا کیوں کہ عمران خان کو مکمل آئسولیٹ کردیا گیا ہے، یہ اِس وقت اتنے خوفزدہ ہیں کہ عمران خان کا کوئی پیغام باہر نہ آجائے، چیف جسٹس نے کہا ہے کہ مجھے کیس پڑھنے کا ٹائم نہیں لگا وہ کل صبح اب ہمارے کیس سنیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سابق وزیراعظم کی دوسری ہمشیرہ نورین خان نے کہا کہ یہ چاہتے ہیں عمران خان معافی مانگے تاکہ ان کی عزت رہ جائے، عمران خان کبھی بھی معافی نہیں مانگے گا، یہ سب کے سب عمران خان سے معافی مانگیں گے، یہ سمجھتے ہیں زندگی موت ان کے اختیار میں ہے، زندگی موت تو اللہ کے اختیار میں ہے، کوئی نہیں جانتا باہر بیٹھے لوگوں کی کتنی زندگی ہے اور اندر والوں کی زندگی کتنی ہے۔

علاوہ ازیں عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کہتے ہیں کہ کوئی صحافی اگر اٹھ کر کوئی مشورہ دے تو اسے اتنی اہمیت نہیں دینی چاہیئے، معافی والی یا اس مشورہ کی اتنی اہمیت ہے کہ میں نے اسے ایک مرتبہ بھی نہیں پڑھا یا سوچا، وکالت پہلے سے بہت مشکل ہو گئی ہے، اور یہ مشکلات عدلیہ نے پیدا کی ہیں، میں تو کہتا ہوں کہ مجھے کوئی کچھ بولنا سیکھا دے، کوئی صحافت کے طریقے بتا دے تو یہ شروع کر لیتے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات