برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کیلئے پاسپورٹ کی ڈیجیٹل سروسز شروع

لینڈ ریکارڈ سروس کے ذریعے برطانیہ میں مقیم پاکستانی اپنی جائیدادوں کے ریکارڈ تک بھی رسائی حاصل کرسکیں گے

Sajid Ali ساجد علی منگل 19 اگست 2025 11:54

برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کیلئے پاسپورٹ کی ڈیجیٹل سروسز شروع
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اگست 2025ء ) وفاقی حکومت نے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے زمین کے ریکارڈ اور پاسپورٹ پروسیسنگ کی ڈیجیٹل خدمات کا آغاز کردیا، وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ان اقدامات کو سمندر پار پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ اور سرمایہ کاری کے فروغ کی جانب ڈیجیٹل چھلانگ قرار دیا۔ دفترخارجہ کے مطابق پاکستان ہائی کمیشن لندن میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اس اقدام کا افتتاح کیا، یہ سہولت برطانیہ میں مقیم 16 لاکھ سے زیادہ پاکستانیوں کے دیرینہ مسائل کے حل کی جانب ایک بڑی پیشرفت ہے جنہیں پاکستان میں جائیداد کی خرید و فروخت، منتقلی اور تنازعات کے حل میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے حالاں کہ یہ لوگ رقوم کی منتقلی، کاروبار اور ثقافتی تعلقات میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان فارن آفس نے بتایا کہ لینڈ ریکارڈ سروس کے ذریعے برطانیہ میں مقیم پاکستانی پنجاب میں اپنی جائیدادوں کے ریکارڈ تک رسائی حاصل کرسکیں گے، یہ پلیٹ فارم آن لائن سیل ڈیڈز، فرد یا ریکارڈ آف رائٹس، ای گرداوری، انتقال اور دستاویزات کی تصدیق جیسی خدمات فراہم کرے گا، تمام ریکارڈ بلاک چین ٹیکنالوجی کے ذریعے محفوظ بنایا گیا ہے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے اور جعل سازی روکی جا سکے، ابتدائی طور پر لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن میں لینڈ سروسز ڈیسک قائم کیا گیا ہے جب کہ مستقبل میں یہ سہولت برطانیہ میں دیگر پاکستانی قونصل خانوں تک بھی بڑھائی جائے گی۔

معلوم ہوا ہے کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے ون ونڈو پاسپورٹ پروسیسنگ سسٹم کا بھی آغاز کیا ہے، جس کے تحت پاسپورٹ کی درخواست کے تمام مراحل ایک ہی کاؤنٹر پر مکمل ہوں گے، یہ نظام پروسیسنگ کا وقت کم کر کے تقریباً 10 منٹ فی درخواست کر دے گا جس سے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو سہولت، شفافیت اور رش میں کمی کی سہولت ملے گی۔