ملکی دریاؤں میں پانی کا اتار چڑھاؤ،آبی ذخائر میں پانی کی سطح میں مسلسل کمی‘ ایک ہفتے میں پانی کی سطح 9 لاکھ ایکڑ فٹ سے زائد گر گئی

جمعرات 12 جون 2025 18:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جون2025ء)ملکی دریاؤں میں پانی کا اتار چڑھاؤ،آبی زخائر میں پانی کی سطح میں مسلسل کمی آرہی ہے اورآبی ذخائر میں ایک ہفتے میں پانی کی سطح 9 لاکھ ایکڑ فٹ سے زائد گر گئی ۔ترجمان واپڈاکے مطابق تین بڑے پانی کے ڈیمز میں پانی کا مجموعی زخیرہ 33 لاکھ 45 ہزار ایکڑ فٹ کی سطح پر آگیا ۔گزشتہ ہفتے تینوں ڈیمز میں پانی کے مجموعی ذخائر 42 لاکھ 5 ہزار ایکڑ فٹ تھے۔

دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں ایک ہفتے کے دوران 29 ہزار کیوسک سے زائد کی کمی ہوئی۔دریائے سندھ میں تربیلا کے مقام پر آج پانی کی آمد 52 ہزار 4 سو کیوسک ریکارڈ ‘دریائے سندھ میں گزشتہ ہفتے پانی کی آمد 81 ہزار کیوسک سے زائد تھی۔واپڈا حکام کے مطابق دریائے چناب میں روزانہ کی بنیاد پر پانی کا اتار چڑھاؤ جاری ہے،دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر آج پانی کی آمد 57 ہزار 4 سو کیوسک ریکارڈ کی گئی ۔

(جاری ہے)

ہیڈ مرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں گزشتہ ہفتے پانی کی آمد 25 ہزار کیوسک تھی۔منگلا کے مقام پر دریائے جہلم میں پانی کی آمد 37 ہزار کیوسک سے زائد ریکارڈ کی گئی ۔منگلا کے مقام پر دریائے جہلم میں گزشتہ ہفتے پانی کی آمد 34 ہزار کیوسک تھی۔واپڈا حکام کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کا مجموعی زخیرہ 9 لاکھ 3 ہزار ایکڑ فٹ کی سطح پر ہے،منگلا ڈیم میں آج پانی کا مجموعی زخیرہ 23 لکھا ایکڑ فٹ سے زائد ہے،چشمہ میں آج پانی کا مجموعی زخیرہ ایک لاکھ ایکڑ فٹ سے زائد ہے،تینوں ڈیمز میں پانی کے ذخائر میں گزشتہ ہفتے کی نسبت کمی ہوئی،مون سون بارشوں سے قبل آبی ذخائر میں پانی کی صورتحال میں بہتری کا کوئی امکان نہیں،مون سون بارشوں سے دریاؤں اور آبی ذخائر میں پانی کے بہاؤ اور زخائر میں اضافہ متوقع ہے۔