اوپن یونیورسٹی کے سمسٹر خزاں 2025ء کے داخلے یکم جولائی سے شروع ہوں گے

جمعرات 12 جون 2025 21:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) تعلیم کی روشنی ہر گھر تک پہنچانے کے عظیم مشن کے تحت علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سمسٹر خزاں 2025ء کے داخلوں کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ یونیورسٹی کے تمام تعلیمی پروگرامز جن میں میٹرک، ایف اے، آئی کام، ایسوسی ایٹ ڈگری(بی اے، بی کام، بی بی اے)،ایسوسی ایٹ ڈگری اِن ایجوکیشن، بی ایڈ، بی ایس، ماسٹرز،ایم ایس، ایم فل، پی ایچ ڈی، ڈپلومہ اور سرٹیفکیٹس شامل ہیں ،کے داخلے یکم جولائی 2025ء سے بیک وقت شروع ہوں گے۔

طلبہ اور طالبات کو سہولت فراہم کرنے کے لئے تمام پروگرامز کی تفصیلات، پراسپکٹس اور داخلہ فارم یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.aiou.edu.pk پریکم جولائی سے دستیاب ہوں گے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی ہدایات کی روشنی میں ملک بھر میں موجود یونیورسٹی کے علاقائی کیمپسزکے سہولتی مراکز میں طلبہ کو انٹرنیٹ اور کمپیوٹر کے استعمال کی مفت سہولت دستیاب ہوگی، آن لائن داخلوں میں معاونت کے لئے تربیت یافتہ عملہ ہمہ وقت موجود ہوگا۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے طلبہ کے نام اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا خواب ہے کہ تعلیم ہر فرد تک پہنچے، چاہے وہ کسی بھی عمر، علاقے یا طبقے سے تعلق رکھتا ہو، ہم چاہتے ہیں کہ ہر طالب علم بغیر کسی رکاوٹ کے تعلیم حاصل کرے اور روشن مستقبل کی جانب قدم بڑھائے۔داخلے کے منتظر طلبہ کسی بھی رہنمائی کے لئے یونیورسٹی کے قریبی علاقائی دفترسے یا یونیورسٹی کی ہیلپ لائن 468-112-111-051 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔