وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے جنگلات پیرمصورخان کا ملاکنڈ کا دورہ

جمعرات 12 جون 2025 21:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جون2025ء)وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے جنگلات پیر مصور خان کا ملاکنڈ کا دورہ، ہزارنو پہاڑی سلسلے پر لگی آگ پر قابو پانے کے لئے جاری آپریشن کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے جنگلات، ماحولیات، جنگلی حیات و موسمیاتی تبدیلی، پیر مصور خان نے جمعرات کے روز ملاکنڈ کا دورہ کیا جہاں انھوں نے کوٹ ہزارنو پہاڑی سلسلے میں جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے کے لیے جاری آپریشن کا جائزہ لیا،آپریشن میں حصہ لینے والے اہلکاروں اور مقامی افراد سے ملاقات کی اور جنگلات کے تحفظ کے لئے ان کی محنت اور جذبے کو سراہا۔

اس موقع پر چیف کنزرویٹر آف فارسٹس ملاکنڈ فارسٹ ریجن تھری اصغر خان، کنزرویٹر عابد ممتاز،محکمہ جنگلات، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی کو متعلقہ افسران نے آپریشن بارے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ جنگلات، ریسکیو 1122، لیویز، ضلعی انتظامیہ اور مقامی لوگ بھرپور طریقے سے آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

دشوار گزار پہاڑی راستوں، شدید گرمی، آگ کی تپش اور تیز ہواؤں کی وجہ سے آگ بجھانے میں مشکلات کا سامنا تھا، تاہم اب مذکورہ پہاڑی سلسلے پر لگی آگ پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی پیر مصور خان نے افسران اور مقامی لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے جنگلات کے تحفظ کو اولین ترجیح قرار دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی قیادت میں جنگلات کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور اس سلسلے میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے متعلقہ افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ اس وقت تک موقع پر موجود رہیں جب تک آگ مکمل طور پر نہ بجھ جائے۔پیر مصور خان نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ جنگلات کے تحفظ میں حکومت کا ساتھ دیں کیونکہ جنگلات نہ صرف ہماری آنے والی نسلوں کی بقا کی ضمانت ہیں بلکہ جنگلی حیات کا مسکن بھی ہیں، انھوں نے کہا کہ ماحول کے تحفظ میں بھی جنگلات کا کلیدی کردار ہے۔