اوورلوڈ ٹرانسفارمرز کی اپ گریڈیشن، مرمت کے لیے بروقت اقدامات کئے جائیں،ناصر محمود فانی

جمعرات 12 جون 2025 22:07

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکوساہیوال سرکل ناصر محمود فانی نے کہا ہے کہ نان اے ایم آر میٹرز کو اے ایم آر میٹرز میں تبدیل کرنے کے عمل کو تیز کیاجائے اور مقررہ اہداف کے مطابق ٹاسک مکمل کرکے رپورٹ بھجوائی جائے۔صارفین کو بلاتعطل بجلی فراہمی کے لئے اوورلوڈ ٹرانسفارمرز کی اپگریڈیشن، نظام کی دیکھ بھال اور مرمت کے لئے بروقت اقدامات کئے جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیچہ وطنی ڈویژن کے دورے کے موقع پر ایکسین ،ایس ڈی اوز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شدید گرم موسم میں ٹرانسفارمرز جلنے ،خراب ہونے کی صورت میں ایمرجنسی ٹرالیاں تیار رکھی جائیں تاکہ فوری نصب کرکے بجلی بحالی یقینی بنائی جاسکے۔انہوں نے ایکسیئن چیچہ وطنی ڈویژن اور ایس ڈی اوز کو ہدایت کی کہ کسٹمرکمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم ( سی سی ایم ایس) کے تحت صارفین کی شکایات کا فوری ازالہ کیاجائے اور کمپنی کا امیج مزید بہتربنانے کے لئے صارفین کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے تمام سب ڈویژنل افسران اور ریونیو افسران کے ساتھ میپکو کی کارکردگی، جاری منصوبوں اور مقررہ اہداف کے حصول پر تفصیلی گفتگوکی۔انہوں نے ٹرانسفارمرز کی کوڈنگ اور ٹیگنگ ڈیٹا کو مکمل طور پر اپڈیٹ کرنے کے لئے 30 جون 2025ء کی ڈیڈ لائن مقرر کی۔ایس ای میپکو نے تمام متعلقہ افسران کو جون2025ء کے لئے لائن لاسز کو 6.25 فیصد تک محدود رکھنے کا ہدف دیا اور اس پر ہر صورت عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے بقایاجات کی وصولی کی شرح بہتربنانے کی ہدایت کی۔ایس ای نے واضح کیا کہ تمام میٹرز کی اسکیننگ بروقت اور درست انداز میں مکمل کی جائے تاکہ نظام میں شفافیت اور درستگی پیدا ہو۔