سوات ایکشن کمیٹی نے ایم ٹی آئی ایکٹ کی واپسی ،ڈی ایچ کیو ہسپتال کی بحالی کیلئے حکومت کو ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن دیدی

جمعرات 12 جون 2025 22:33

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2025ء)سوات میں سیدو ٹیچنگ اسپتال ہو ایم ٹی آئی بنانے کے خلاف اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال سوات کی مکمل بحالی کے لئے آل پارٹیز کانفرنس میں قائم سوات ایکشن کمیٹی کا ایک اہم اجلاس ٹی ایم اے ہال مینگورہ میں منعقد ہوا، جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین، ٹریڈرز فیڈریشن، وکلا، ہیلتھ ایمپلائز کوآرڈینیشن کونسل اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔

اس اجلاس کی صدارت ملاکنڈڈویژن ٹریڈرز فیڈریشن کے صدرعبدالرحیم نے کی۔اجلاس میں صوبائی حکومت اور منتخب نمائندوں کے غیر سنجیدہ رویے پر شدید برہمی کا اظہارکیاگیا کہ گزشتہ کامیاب جرگے کے باوجود نہ تو عوامی نمائندوں نے کمیٹی سے رابطہ کیا اور نہ ہی آج کے اجلاس میں شرکت کو ضروری سمجھاجو اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ اپنے علاقے اورعوام سے مخلص نہیں۔

(جاری ہے)

شرکا نے واضح کیا کہ سیدو ٹیچنگ ہسپتال میں ایم ٹی آئی اور نجکاری کسی صورت قابل قبول نہیں اور اگر حکومت نے زبردستی اس نظام کو مسلط کرنے کی کوشش کی تو بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ سوات کا ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال کو بحال کیا جائے ۔ ایکشن کمیٹی نے حکومت کو ایک ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر مطالبات پر عملدرآمد نہ ہوا تو احتجاج، دھرنے اور ہڑتال کا سلسلہ شروع کیا جائے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت اور منتخب نمائندوں پر عائد ہوگی۔