پولیس فورس کے شہدا اور دوران سروس وفات پانیوالے ملازمین کے بچوں کیلئے ویلفیئر اقدامات جاری

جمعرات 12 جون 2025 21:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے فورس کے شہدا اور دوران سروس وفات پانیوالے ملازمین کے بچوں کیلئے ویلفیئر اقدامات جاری ہیں جس کے تسلسل میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں بی ایس آنرز میں داخلے کے خواہشمند طلبا و طالبات فری سکالر شپ حاصل کر سکیں گے۔ترجمان کے مطابق اس حوالے سے ڈی آئی جی ویلفیئر غازی محمد صلاح الدین نے کہا کہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے انڈوومنٹ فنڈ ٹرسٹ سے بچوں کو 100 فیصد سکالر شپ دی جائے گی،بی ایس آنرز میں داخلہ لینے والے طلبا و طالبات سکالر شپ سے مستفید ہوسکیں گے۔

انہوں نے کہاکہ انٹری ٹیسٹ میں کامیاب اور میرٹ پر پورا اترنے والے طلبا و طالبات سکالر شپ کے اہل ہونگے،طلبا و طالبات کو ہر سمسٹر کے بعد تجدید کیلئے مکمل سپورٹ فراہم کی جائے گی،اوپن میرٹ لسٹ میں نام آنے کے بعد طلبا و طالبات گورنمنٹ کالج یونیورسٹی انڈوومنٹ فنڈ ٹرسٹ میں درخواستیں جمع کروائیں گے۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پولیس شہدا اور دوران سروس وفات پانے والے ملازمین کے بچوں کی اعلی تعلیم یقینی بنانے کیلئے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے احسن اقدام پر انتہائی مشکور ہیں،پولیس کانسٹیبلری کے ہونہار بچوں کو بیرون ملک تعلیم کیلئے فارن اسکالرشپ بھی دی جا رہی ہیں۔

آئی جی نے مزید کہا کہ پولیس ملازمین کے بچوں کی اعلی تعلیم اولین ترجیح ہے ، فیسوں میں سہولت کیلئے متعدد تعلیمی اداروں کے ساتھ ایم او یوز بھی سائن کئے گئے ہیں۔