انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری کی زیر صدارت اجلاس ، محرم الحرام اور دیگر سیکورٹی انتظامات کا جائزہ

جمعرات 12 جون 2025 21:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری نے کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا ۔۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹر ل پولیس آفس کوئٹہ میں صوبے کے پولیس افسران سے بذریعہ ویڈیو لنک محرم الحرام اور دیگر سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان پولیس فرنٹ لائن پر اپنے فرائض بخوبی انجام دے رہی ہے صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے میں کئی افسران اور جوانوں نے جام شہادت نوش کیا جن پر ہمیں فخر ہے لہٰذا ان کے مشن کو جاری رکھا جائے گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے دوران صوبے بھر میں امن و امان کو برقر ار رکھنے کیلئے ایک جامع حکمت عملی اختیار کی جائے گی اورسیکورٹی پلان کے تحت شہر کے خارجی اور داخلی راستوں پر چیکنگ اور سیکورٹی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائےگا اورمحرم الحرام کے جلوس کے منتظمین کے ساتھ مل کر سیکورٹی پلان پرعملدرآمد کرتے ہوئے تما م انٹیلی جنس و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے ملکر امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے سیکورٹی انتظامات کئے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

آئی جی پولیس بلوچستان نے آر پی اوزاور ڈی پی اوز کوہدایت کی کہ مقامی امن کمیٹیوں کے فعال کردار کو یقینی بنائیں اورتمام مکاتب فکر کے علماءاور سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر باہمی ہم آہنگی کی فضاءکودوام دیں۔