سعودی عرب اور نیدرلینڈ کے درمیان زرعی خدمات کے فروغ کا معاہدہ

جمعہ 13 جون 2025 09:00

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2025ء) زرعی خدمات کے لیے سعودی عرب کی قومی کمپنی ’ایگری سرو‘ اور نیدرلینڈ کی کمپنی ’ڈیلفی‘ نے حال ہی میں ایمسٹرڈیم میں منعقدہ ’گرین ٹیک‘ نمائش کے دوران تعاون کے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔عرب نیوز کے مطابق اس معاہدے کا مقصد زرعی شعبے میں بہترین طریقوں اور جدید مہارتوں کو ایک دوسرے کو منتقل کر کے تعاون کو مربوط اور مضبوط کرنا ہے۔

(جاری ہے)

معاہدے کے تحت سعودی عرب میں کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے عملی کاموں کی اثر پذیری کو بڑھایا جائے گا اور کسانوں اور زرعی اداروں کے لیے خدمات کو سنوارا جائے گا۔معاہدے پر ’ایگری سرو‘ کے سی ای او عمر السحیبانی اور ’ڈیلفی‘کمپنی میں ان کے ہم منصب جیوکووین نے دستخط کیے۔اس شراکت کا مقصد مملکت کے زرعی شعبے میں خدمات کو موثر بنانے پر توجہ مرکوز کرنا ہے جس میں تصدیق کے عمل میں تعاون، تربیت کے لیے مخصوص پروگرام اور کسانوں اور زرعی منصوبوں میں تکینکی مشاورت شامل ہے۔

’ایگری سرو‘ حکومت کا ایک ادارہ ہے جسے کابینہ کے ایک فیصلے کے تحت قائم کیا گیا تھا۔اس ادارے کو یہ کام سونپا گیا تھا کہ وزراتِ ماحولیات، پانی اور زراعت کی جانب سے ملنے والے منصوبوں کے لیے زرعی خدمات فراہم کرے۔