Live Updates

عدالت کا بڑی گاڑیوں، ہیوی ٹرانسپورٹ، رکشوں اور موٹر سائیکلوں کو فٹنس سٹیکر جاری کرنے کا حکم

جمعہ 13 جون 2025 11:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے حوالے سے دائر درخواستوں پر سماعت کے دوران آلودگی پر قابو پانے کے لیے بڑی گاڑیوں، ہیوی ٹرانسپورٹ، رکشوں اور موٹر سائیکلوں کو فٹنس سٹیکر جاری کرنے اورصنعتی یونٹس کے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کی کارکردگی پر سروے کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت 17 جون تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر عدالتی احکامات کی عملدرآمد رپورٹس طلب کرلی ۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ کے تدارک کیس میں ہارون فاروق ، اظہر صدیق سمیت دیگر کی ایک ہی نوعیت کی دائر درخواستوں پر سماعت کی۔ مختلف محکموں کے حکام پیش ہوئے اور عدالتی احکامات پر اپنی اپنی رپورٹس داخل کرائی۔

(جاری ہے)

ممبر جوڈیشل واٹر کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی حکم کے باوجود ٹولنٹن مارکیٹ سے پرندوں کو تاحال منتقل نہیں کیا گیا۔

عدالت نے سخت ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ موسم مزید گرم ہو چکا ہے، درجہ حرارت میں دو ڈگری سینٹی گریڈ کا اضافہ ہو چکا ہے، ہیٹ ویوز، کلائمیٹ چینج اور دیگر ماحولیاتی خطرات ایک ساتھ آ رہے ہیں، جن سے نمٹنا ناگزیر ہو چکا ہے، عوام کو پانی کے ضیاع کا کوئی احساس نہیں، جب کہ پانی کی قلت ایک سنجیدہ مسئلہ بنتی جا رہی ہے۔پنجاب حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پانی کے2لاکھ میٹرز کی تنصیب کے لیے بجٹ میں رقم مختص کر دی گئی ہے اور پیش رفت رپورٹ کا آفیشل لیٹر آئندہ سماعت پر پیش کیا جائے گا۔

سماعت کے دوران جسٹس شاہد کریم نے ٹریفک وارڈنز کے لیے ہیلتھ الاونس کی فراہمی پر بھی ریمارکس دیے اور کہا کہ محکمہ خزانہ کو جنہیں الاونس دینا ہوتا ہے وہ نہیں دیتا جب کہ وارڈنز کو اس سہولت کی ضرورت ہے۔عدالت نے تمام متعلقہ محکموں سے عملدرآمد رپورٹس طلب کرتے ہوئے مزید کارروائی 17 جون تک ملتوی کر دی۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات