چولستان میں پی ڈی ایم اے کی جانب سے 6 لاکھ لیٹر پانی فراہم کیا جا چکا،ترجمان پی ڈی ایم اے

جمعہ 13 جون 2025 12:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2025ء) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے چولستان میں پانی کی فراہمی کو 24 گھنٹے یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق انسانوں کے ساتھ ساتھ مویشیوں کے لیے بھی پانی کی ترسیل جاری ہے تاکہ علاقے میں جاری خشک سالی کے اثرات کم کیے جا سکیں۔ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے، عرفان علی کاٹھیا کے مطابق چولستان میں اب تک تقریبا 6 لاکھ لیٹر صاف پانی فراہم کیا جا چکا ہے۔

پانی کی فراہمی پائپ لائنز اور واٹر بازرز کے ذریعے دور دراز علاقوں تک کی جا رہی ہے، جہاں خشک سالی کے باعث پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ صورتحال کے پیش نظر واٹر بازرز اور جیری کینز مہیا کیے گئے ہیں تاکہ پانی ذخیرہ کر کے باقاعدگی سے فراہم کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

ادارے کی جانب سے انتظامیہ کو 2000 جیری کین اور 10 واٹر بازرز فراہم کیے گئے ہیں، جن میں سے 4 واٹر بازرز کی گنجائش 12500 لیٹر اور 6 بازرز کی گنجائش 5000 لیٹر ہے۔

مزید برآں، ہیٹ ویو اور شدید دھوپ سے بچا کے لیے متاثرہ افراد کو چھتریاں بھی فراہم کی گئی ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق چولستان کے متاثرہ علاقوں اور ٹوبوں میں باقاعدگی کے ساتھ پانی کی فراہمی جاری ہے تاکہ مقامی آبادی اور ان کے مویشیوں کو مشکلات سے بچایا جا سکے۔ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی ہدایات پر تمام متعلقہ محکمے الرٹ ہیں اور چولستان میں ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔مقامی سطح پر ریسکیو ٹیمیں، محکمہ لوکل گورنمنٹ، ویٹرنری اور لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ بھی فیلڈ میں موجود ہیں تاکہ عوام کو فوری مدد فراہم کی جا سکے۔