زگ زیگ ٹیکنالوجی استعمال نہ کرنے پر دو بھٹے جزوی طور پر مسمار، 80 ہزار روپے جرمانہ عائد

جمعہ 13 جون 2025 12:54

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2025ء) اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا کی کارروائی، لاہور روڈ پر دو بھٹے جزوی طور پر مسمار، 80 ہزار روپے جرمانہ عائد کیاگیا۔ اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا سید اسد عباس شیرازی نے لاہور روڈ پر قائم مختلف بھٹوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے زگ زیگ ٹیکنالوجی استعمال نہ کرنے ،ماحولیاتی آلودگی پھیلانے اور حکومتی احکامات کی خلاف ورزی پرایک بھٹہ سیل کر دیا جبکہ اس کے فائر ایریا کو کرین کی مدد سے مکمل طور پر تباہ کر دیا۔

اسی طرح ایک اور بھٹے کے فائر ایریا کو بھی مسمار کیا گیا۔

(جاری ہے)

مجموعی طور پر خلاف ورزی کے مرتکب بھٹہ مالکان کو 80 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سید اسد عباس شیرازی نے کہا کہ سرگودھا میں ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں۔ بھٹہ مالکان کو بارہا تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ ماحول دوست ٹیکنالوجی استعمال کریں بصورتِ دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ حکومت پنجاب کےاحکامات کے مطابق کسی کو قانون شکنی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ عوام کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔