ڈپٹی کمشنر سرگودہا کی زیر صدارت پوسٹ قومی انسداد پولیو مہم ، ضلعی ای پی آئی ایکسیلیریشن کمیٹی کا مشترکہ اجلاس

جمعہ 13 جون 2025 16:56

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم کی زیر صدارت پوسٹ قومی انسداد پولیو مہم (این آئی ڈیز ) مئی 2025 اور ضلعی ای پی آئی ایکسیلیریشن کمیٹی کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد ابوبکر، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سارہ صفدر، محکمہ صحت، ڈبلیو ایچ او اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر نے پولیو ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت دی کہ رہ جانے والے بچوں کو فالو اپ ٹیموں کے ذریعے فوری قطرے پلائے جائیں تاکہ ضلع پولیو سے مکمل طور پر محفوظ رہے۔اجلاس میں حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام فیلڈ ٹیمیں، ویکسینیٹرز اور محکمہ صحت کے افسران مکمل کوآرڈی نیشن کے ساتھ ہر بچے کو بروقت ویکسین کی فراہمی یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بتایا گیا کہ حکومت پنجاب عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او ) کے اشتراک سے صوبہ بھر میں سروائیکل کینسر سے بچاو کی ویکسی نیشن مہم شروع کرنے جا رہی ہے۔ مہم کے دوران 9 سے 14 سال کی عمر کی تمام بچیوں کو ایچ پی وی ویکسین سکولوں اور فیلڈ ٹیموں کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔ یہ ویکسین محفوظ، موثر اورعالمی سطح پر منظور شدہ ہےجو خواتین میں لاحق ہونے والے دوسرے بڑے کینسر سے بچائو کے لیے ناگزیر ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ ویکسی نیشن مہم کے تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں۔ والدین کو اعتماد میں لیا جائے اور مہم کے حوالے سے آگاہی مہم بھرپور انداز میں چلائی جائے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مئی کی انسداد پولیو مہم کے بعد ضلع کی چار یونین کونسلز میں لاٹ کوالٹی ایشورنس سیمپلنگ (ایل کیو اے ایس )سروے کیا گیا، جس کے نتائج تسلی بخش رہے اور تمام یونین کونسلز پاس قرار پائیں۔ مہم کے دوران 98 فیصد گھروں تک رسائی حاصل کی گئی اور بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے گئے جو ہدف کے مطابق نمایاں کامیابی ہے۔