مانسہرہ، ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کا مختلف سیاحتی مقامات کا دورہ، ملکی و غیر ملکی سیاحوں سے ملاقات کی

جمعہ 13 جون 2025 17:30

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر مانسہرہ خالد اقبال اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شفیع اللہ گنڈاپور نے ضلع مانسہرہ کے مختلف سیاحتی مقامات کا دورہ کیا اور ملکی و غیر ملکی سیاحوں سے ملاقات کی۔ مانسہرہ پولیس کے مطابق اس دوران انہوں نے ناران اور ڈمگلہ میں قائم ٹوریسٹ فیسیلی ٹیشن اینڈ انفارمیشن سینٹرز کا معائنہ کیا جبکہ تھانہ پارس اور تھانہ ناران کا بھی سرپرائز وزٹ کیا۔

افسران نے ناران بازار اور مختلف سیاحتی پوائنٹس پر موجود ملکی و غیر ملکی سیاحوں سے ملاقاتیں کیں، اُن سے مہیا کی جانے والی سہولیات اور پولیس کے رویے کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ سیاحوں نے ضلعی انتظامیہ اور مانسہرہ پولیس کے اقدامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ریجن ناصر محمود ستی کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں مانسہرہ پولیس سیاحوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

سیاحتی مقامات پر ڈسٹرکٹ پولیس اور ٹریفک پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے تاکہ ٹریفک کی روانی اور امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔ سیاحوں کی راہنمائی کے لیے انفارمیشن سنٹرز مکمل طور پر فعال ہیں جبکہ موبائل ریفریشمنٹ ہوٹل بھی مختلف مقامات پر سیاحوں کو ریفریشمنٹ کی سہولیات فراہم کر رہے ہے۔ ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈاپور نے اس موقع پر کہا کہ ہم سیاحوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ ہمارا مقصد یہ ہے کہ یہاں آنے والا ہر مہمان خوشگوار یادیں لے کر واپس جائے۔ تمام سیاح قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں تاکہ ضلع مانسہرہ کو ایک محفوظ اور پرامن سیاحتی مقام برقرار رکھا جا سکے۔