کوہستان لوئر، جنگلات میں آگ کی روک تھام کے حوالے سے آگاہی مہم

جمعہ 13 جون 2025 18:25

کوہستان لوئر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر کوہستان لوئر طارق محمود نے جنگلات کے شعبہ پر سی اینڈ ڈبلیو ریسٹ ہاؤس پٹن میں جنگلات میں آگ کی روک تھام کے حوالے سےکھلی کچہری کا انعقاد کیا۔کھلی کچہری میں لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر محکمہ جنگلات کےڈی ایف او بھی موجود تھے جنہوں نے جنگلات میں آگ کے پھیلاؤ کے اسباب اور آگ کی روک تھام کے بارے میں آگاہی دی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنرکوہستان لوئر نے عوام الناس سے گزارش کی کہ جنگلات میں آگ کی روک تھام کے لیے محکمہ جنگلات ، ایڈمنسٹریشن اور دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ تعاون کریں اور خصوصی طور پر ڈی ایف او کو ہدایات جاری کی کہ اس حوالے سے عوامی آگاہی کی مہم کا بھی آغاز کیا جائے۔ کھلی کچہری کے دوران معززین علاقہ اور علمائے کرام نے جنگلات میں آگ کے پھیلاؤ کی روک تھام کے حوالے سے اپنی تجاویز بھی پیش کی جن کو ڈپٹی کمشنر کوہستان لوئر نے سراہا۔