شکارپور، عید کے روز چھینی گئی کار واپس نہ ہوسکی۔ پولیس کی کارروائی سست روی کا شکار

جمعہ 13 جون 2025 20:15

شکارپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2025ء) عید کے روز چھینی گئی کار واپس نہ ہوسکی۔ پولیس کی کارروائی سست روی کا شکار ۔ تفصیلات کے مطابق عید کے روز شکارپور کے قریب جنو بائی پاس روڈ پر غلام محمد، ذوالفقار اور میر محمد قریشی نامی افراد سے صبح کے ٹائیم ڈکیتی ہوئی تھی جب وہ سکھر سے شکارپور آ رہے تھے تو چھ نامعلوم مسلح افراد نے ان کو یرغمال بناکر ٹویوٹا یارسں ماڈل 2022 کار کو اسلحے کے زور پر چھین لیا تھا اور وہ کندن روڈ کی جانب فرار ہو گئے تھے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے متاثرہ افراد کا کہنا ہے کہ دن دہاڑے مصروف سڑک پر ہمارے ساتھ واقعہ پیش آیا تھا لیکن افسوس ہے کہ پولیس کی جانب سے واقعے پر کسی بھی قسم کی فوری یا سنجیدہ کارروائی دیکھنے میں نہیں آئی۔ واقعہ کی فوری اطلاع 15 پولیس ہیلپ لائن پر دی گئی ،واقعے کا مقدمہ تھانہ نیو فوجداری میں درج کیا گیا تھا، تاہم ابھی تک ہماری گاڑی واپس نہ ہوسکی ہے، انہوں نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ہماری گاڑی جلد از جلد برآمد کرائی جائے۔