پہلی بیوی کو سوتن کی مدد سے قتل کرنے والا شوہر گرفتار، واردات کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش ناکام

قتل میں استعمال ہونے والا دوپٹہ بھی پولیس نے برآمد کر لیا، تحقیقاتی ٹیم نے اصل حقائق بے نقاب کر دیے

جمعہ 13 جون 2025 21:00

شیرگڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2025ء)تھانہ لوندخوڑ کے علاقے میں پیش آنے والے اندوہناک واقعے میں ایک شخص نے اپنی پہلی بیوی کو قتل کرنے کے بعد اسے خودکشی قرار دینے کی ناکام کوشش کی۔ پولیس نے شوہر نورالرحمان اور اس کی دوسری بیوی (سوتن)کو گرفتار کر کے قتل کا معمہ حل کر لیا۔تفصیلات کے مطابق مسمی نورالرحمان ولد امیر زادہ سکنہ قائد آباد نے چند روز قبل اپنی پہلی بیوی مسما (ج) کی خودکشی کی جھوٹی رپورٹ تھانہ لوندخوڑ میں درج کرائی۔

رپورٹ میں گھریلو ناچاقی کو خودکشی کی وجہ ظاہر کیا گیا۔ تاہم ڈی پی او مردان ظہور بابر آفریدی نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او ذاکر خان کی سربراہی میں ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی۔تحقیقات کے دوران مقتولہ کے شوہر نورالرحمان اور اس کی دوسری بیوی مسما (ش) کو شاملِ تفتیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

دورانِ انٹاروگیشن ملزم نورالرحمان نے اعتراف جرم کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ اس نے اپنی پہلی بیوی کو دوسری بیوی کی مدد سے دوپٹے کے ذریعے گلا گھونٹ کر قتل کیا۔پولیس نے ملزمان کی نشاندہی پر واردات میں استعمال ہونے والا دوپٹہ بھی برآمد کر لیا ہے۔ گرفتار میاں بیوی سے مزید تفتیش جاری ہے اور پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :