ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی زیر صدارت مون سون کی متوقع بارشوں کے پیش نظر تیاریوں کے حوالے سے اجلاس

جمعہ 13 جون 2025 21:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی کی زیر صدارت مون سون کی متوقع بارشوں کے پیش نظر پیشگی تیاریوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں پی ڈی ایم اے، سینٹیشن ڈویڑن، واسا، پی ایچ ای، میٹروپولیٹن کارپوریشن، ہیلتھ، ایریگیشن، سوشل ویلفیئر پولیس ،ٹریفک پولیس سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران، اسسٹنٹ کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) اور ڈی ایچ او کوئٹہ نے شرکت کی۔

اجلاس میں پی ڈی ایم اے کی جانب سے مون سون سیزن میں آپریشنل حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے مون سون کے دوران ڈوزرز، ایکسکیویٹر، شہزور گاڑیاں، ایمبولینسز اور ٹریکٹرز فراہم کرنے کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ شہر کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کی جائے گی، ٹراما سینٹرز کو فعال رکھا جائے گا اور ادویات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

سوشل ویلفیئر اور فوڈ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں خوردنی امداد کی فراہمی کے انتظامات کیے جائیں گے۔ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ نے شہر کے 14 بڑے نالوں سے تجاوزات کے خاتمے اور صفائی کا کام ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر انجام دینے کا عندیہ دیا تاکہ برساتی پانی کے بہاؤ کو بحال رکھا جا سکے۔تمام چار سب ڈویڑنز میں متعلقہ ادارے فوکل پرسنز نامزد کریں گے، جو ضلعی انتظامیہ سے رابطے میں رہتے ہوئے ہنگامی صورتحال میں اقدامات کریں گے۔

میونسپل کارپوریشن، این ایچ اے، ایگری کلچر، اور دیگر اداروں کی جانب سے میاں غنڈی، پشتون آباد، لک پاس، ہنہ اوڑک سمیت حساس علاقوں میں مشینری (بلڈوزر، ڈوزر، ایمبولینس وغیرہ) فراہم کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے تمام اداروں کو ہدایت کی کہ وہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتے ہوئے مشترکہ حکمت عملی کے تحت فوری اقدامات کو یقینی بنائیں۔مون سون کی متوقع بارشوں سے قبل تمام پیشگی تیاریوں اور پلان کو حتمی شکل دے کر مکمل کریں۔