سوات، غیرت کے نام پر بہن کو قتل کرنے والا بھائی، چچا اور چچا زاد بھائی گرفتار

جمعہ 13 جون 2025 22:05

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2025ء)سوات کے علاقے ڈنڈنو قلعہ میں بھائیوں نے غیرت کے نام پر بہن کو قتل کرکے افغانستان میں شادی کرانے کا ڈرامہ پولیس نے بے نقاب کردیا ۔ ڈی ایس پی مینگورہ سٹی شاہی بخت خان نے ایس ایچ او تھانہ رحیم آباد فضل رحیم خان کے ہمراہ میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ چار جون کو نواحی علاقے ڈنڈونوقلعہ کی رہائشی خاتون مسما ة(ب)زوجہ سلیم تھانہ رحیم آباد میں رپورٹ درج کرائی تھی کہ اس کی بیٹی مسما ة(ن) بی بی کی شادی عبیداللہ ولد بخت روان سکنہ انظرو تنگے منگلور سے نو سال قبل ہوئی تھی، تاہم گھریلو ناچاقیوں کے باعث شوہر آئے روز اس پر بدچلنی کے الزامات عائد کرتا رہا اور 21 جنوری 2025 کو اسے طلاق دے دی۔

طلاق کے بعد مقتولہ کو اس کے بھائی علیم خان نے بدنامی کے خوف سے اپنے چچا شاہ محمود کے گھر منتقل کر دیا، جہاں وہ 4 سے 5 ماہ تک مقیم رہی۔

(جاری ہے)

کچھ روز بعد جب وہ بیٹی کے پاس ملاقات کے لئے گئی تو وہ گھر میں موجود نہیں تھی۔ دریافت کرنے پر بھائی نے بتایا کہ مقتولہ کی شادی ایک افغان شہری سے کروا کر اسے افغانستان بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس نے تفتیش کردی اوراس دوران نامزد ملزمان نے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ 40 دن قبل مقتولہ کو شادی کا جھانسہ دے کر ڈنڈونو قلعہ لایا گیا، جہاں اسے غیرت کے نام پر قتل کر کے مقامی قبرستان میں بغیر کسی مذہبی رسومات کے دفن کیا گیا۔

پولیس نے ملزمان علیم خان (بھائی)، شاہ محمود(چچا)اور امجد اقبال (چچا زاد بھائی)کو گرفتار کر کے ان کے خلاف تھانہ رحیم آباد میں دفعات 302، 311، 201، 202، اور 34 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ڈی ایس پی شاہی بخت نے بتایا کہ ملزمان کی نشاندہی پر مقتولہ کی قبر اور جرم میں استعمال ہونے والی سوزوکی و دیگر سامان بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قانون کے مطابق مزید تفتیش جاری ہے، اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔