محکمہ پولیس میں کرپشن اور اختیارات سے تجاوزکی کوئی گنجائش نہیں‘ بلال صدیق کمیانہ

ہفتہ 14 جون 2025 13:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2025ء)محکمہ پولیس میں کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کی کوئی گنجائش نہیں۔یہ بات سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ نے کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میںماڈل ٹاؤن اورکینٹ ڈویژنزکی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ سی سی پی او لاہورنے محرم الحرام کے پُرامن انعقاد کیلئے بہترین سکیورٹی انتظامات کی ہد ایات کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے حوالے سے ٹربل سپاٹس میںحل طلب معاملات کو بروقت نمٹایا جائے۔

اجلاس میں حساس مجالس اور جلوسوںکیلئے اے پلس کیٹیگری متعارف کروانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سی سی پی اولاہورنے چینی باشندوں کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایات جاری کیں۔سی سی پی او لاہور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نقب زنی اور چوری کی وارداتوں کی روک تھام کیلئے ہاٹ سپاٹ ایریاز کے رہائشیوں کو اعتماد میں لیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جرائم پر قابو پانے کیلئے سوسائٹیز کوسکیورٹی گارڈزتعینات کرنے کی ترغیب دی جائے۔

بلال صدیق کمیانہ نے ایس ایس پی(آپریشنز)کو رہائشی علاقوں میں سکیورٹی گارڈزکی تعیناتی کے عمل کی مانیٹرنگ کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی پولیسنگ سے جرائم پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو گھروں کی حفاظت سے متعلق ضروری آگاہی دی جائے۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد کے سہولت کاروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس سافٹ ویئرزکے ذریعے مشکوک افراد کی موومنٹ پر نظر رکھی جائے۔ڈی آئی جی (ایڈمن)عمران کشور،ڈی آئی جی(انوسٹی گیشن)ذیشان رضا، ڈی آئی جی(آپریشنز)فیصل کامران، ایس ایس پی (انوسٹی گیشن)محمد نوید، ایس ایس پی (آپریشنز)تصور اقبال ، ماڈل ٹاؤن اورکینٹ ڈویژنز کے ایس پیز، اے ایس پیز،سرکل افسران، ایس ایچ اوز اور انچارجزنے اجلاس میں شرکت کی۔