سی ای او ہیلتھ کی زیرِ صدارت پولیو ٹیموں کی کارکردگی کے حوالے سے جائزہ اجلاس

ہفتہ 14 جون 2025 16:43

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2025ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی سرگودھا ڈاکٹر سارہ صفدرکی زیرِ صدارت پولیو ٹیموں کی کارکردگی کے حوالے سے جائزہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ ہفتہ کو منعقدہ اجلاس میں ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر رانا محمد ریاض کے علاوہ محکمہ صحت، ڈبلیو ایچ او اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈاکٹر سارہ صفدر نے پولیو ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیو ورکرز پوری جانفشانی سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں ، والدین کو اُنکے ساتھ بھرپور تعاون کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ویکسین سے رہ جانے والے بچوں کو فالو اپ ٹیموں کے ذریعے فوری قطرے پلائے جائیں تاکہ ضلع سرگودھا کو پولیو سے مکمل طور پر محفوظ رکھا جا سکے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسرڈاکٹر سارہ صفدرنے کہا کہ تمام فیلڈ ٹیمیں، ویکسینیٹرز اور محکمہ صحت کے افسران مکمل کوآرڈی نیشن کے ساتھ ہر بچے کو بروقت ویکسین کی فراہمی یقینی بنائیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومتِ پنجاب وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پرعالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او ) کے اشتراک سے صوبہ بھر میں سروائیکل کینسر سے بچائو کی ویکسی نیشن مہم شروع کرنے جا رہی ہے، اس مہم کے دوران 9 سے 14 سال کی عمر کی تمام بچیوں کو ایچ پی وی ویکسین سکولوں اور فیلڈ ٹیموں کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ ویکسین محفوظ، موثر اورعالمی سطح پر منظور شدہ ہےجو خواتین میں لاحق ہونے والے دوسرے بڑے کینسر سے بچائو کے لیے ناگزیر ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسرڈاکٹر سارہ صفدر نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ ویکسی نیشن مہم کے تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں، والدین کو اعتماد میں لیا جائے اور مہم کے حوالے سےآگاہی مہم بھرپوراندازمیں چلائی جائے۔

ڈاکٹر سارہ صفدر نے کہا کہ مئی 2025ء کی انسدادِ پولیو مہم کے بعد ضلع کی چار یونین کونسلز میں لاٹ کوالٹی ایشورنس سیمپلنگ (ایل کیو اے ایس )سروے کیا گیا جس کے نتائج تسلی بخش رہے اور تمام یونین کونسلز پاس قرار پائیں۔ مہم کے دوران 98 فیصد گھروں تک رسائی حاصل کی گئی اور بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے گئے جو ہدف کے مطابق نمایاں کامیابی ہے۔