ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ننکانہ صاحب کے زیر اہتمام’’ورلڈ ڈینگی ڈے‘‘پر سیمینار ،آگاہی واک کا اہتمام

ہفتہ 14 جون 2025 17:39

سانگلہ ہل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2025ء) ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ننکانہ صاحب کے زیر اہتمام’’ورلڈ ڈینگی ڈے‘‘کے موقع پر آگاہی مہم سیمینار اور ڈینگی واک کا اہتمام کیا گیا ۔ اس موقع پر محکمہ صحت کی جانب سے ہسپتالوں، بنیادی مراکز صحت اور عوامی مقامات پر بینرز آویزاں کیے گئے جن پر ڈینگی بخار سے بچائو کی علامات اور احتیاطی تدابیر درج تھیں۔

ڈینگی بخار ایک خطرناک بیماری ہے جو ایک مخصوص قسم کے مچھر کے کاٹنے سے پھیلتی ہے، جو عموماً صبح اور شام کے وقت کاٹتا ہے۔ اس بیماری کی علامات میں تیز بخار، شدید سر درد، آنکھوں کے پیچھے درد، جوڑوں اور پٹھوں میں درد، متلی اور جسم پر سرخ دھبے شامل ہیں۔ماہرین صحت کے مطابق ڈینگی سے بچائو ممکن ہے اگر عوام چند احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، جن میں گھروں اور ارد گرد کے ماحول کو خشک اور صاف رکھنا، پانی جمع نہ ہونے دینا، پانی کے برتنوں کو ڈھانپ کر رکھنا، کولر اور گملوں کا پانی روزانہ تبدیل کرنا، مچھر دانی کا استعمال، اور مکمل آستین والے کپڑوں کا پہننا شامل ہیں۔

(جاری ہے)

سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر طلحہ شیروانی نے کہا کہ ڈینگی کی روک تھام اجتماعی ذمہ داری ہے، عوام محکمہ صحت کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ضلع بھر کو ڈینگی سے محفوظ رکھا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈ ڈینگی ڈے پر ان سرگرمیوں کا مقصد عوام میں شعور اجاگر کرنا ہے تاکہ بروقت احتیاط اور علاج کے ذریعے اس مہلک بیماری سے بچاجا سکے۔

متعلقہ عنوان :