جنرل امیر حاتمی ایران کے آرمی چیف، جنرل سید مجید موسوی ایرو اسپیس فورس کے نئے کمانڈر مقرر

ہفتہ 14 جون 2025 22:34

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2025ء)ایرانی مسلح افواج کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے حکم پر میجر جنرل امیر حاتمی کو اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کا نیا چیف کمانڈر، اور بریگیڈیئر جنرل سید مجید موسوی کو پاسداران انقلاب کی ایرو اسپیس فورس کا نیا کمانڈر مقرر کر دیا ہے۔ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای نے اپنے فرمان میں میجر جنرل امیر حاتمی کی وابستگی، قابلیت اور تجربے کو بطور آرمی چیف تقرری کی بنیاد قرار دیا اور ان سے فوج کی قیادت میں ایک انقلابی اور تبدیلی پر مبنی انداز اپنانے کی توقع ظاہر کی۔

جنرل حاتمی اس سے قبل 2013 سے 2021 تک وزیر دفاع کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ایرانی رہبر اعلیٰ کے فرمان میں کہا گیا کہ فوج کے وفادار اور باصلاحیت اہلکاروں کے وسیع ذخیرے، اور دفاعِ مقدس اور اس کے بعد کے تجربات کی روشنی میں یہ توقع کی جاتی ہے کہ آپ کی قیادت میں جنگی تیاری کی بہتری، روحانی اور فکری بنیادوں کو مضبوط بنانے، اہلکاروں کی فلاح و بہبود میں بہتری، اور مسلح افواج کی دیگر شاخوں کے ساتھ تعاون کے فروغ کے لیے کوششیں تیز ہوں گی۔

(جاری ہے)

جنرل محمد حسین باقری کی شہادت کے بعد آیت اللہ خامنہ ای نے میجر جنرل سید عبدالرحیم موسوی کو مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف کے طور پر مقرر کیا ہے۔دوسری جانب ایرانی مسلح افواج کے سپریم کمانڈر، آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے بریگیڈیئر جنرل سید مجید موسوی کو پاسدارانِ انقلاب کی ایرو اسپیس فورس کا نیا کمانڈر مقرر کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق یہ تقرری جمعہ کے روز صہیونی حکومت کی جارحیت میں پاسدارانِ انقلاب کے میجر جنرل امیر علی حاجی زادہ کی شہادت کے بعد سامنے آئی ہے۔

آیت اللہ خامنہ ای نے ہفتہ کے روز ایک حکم نامے کے ذریعے بریگیڈیئر جنرل سید مجید موسوی کو ایرو اسپیس فورس کا نیا کمانڈر مقرر کیا ہے۔شہید میجر جنرل امیر علی حاجی زادہ ایران کے اعلیٰ فوجی جنرلوں میں سے ایک تھے، جنہیں گزشتہ روز اسرائیلی حکومت کی دہشت گردانہ جارحیت میں شہید کر دیا گیا تھا۔