اپنی برادری، رشتہ داروں اور قریبی عزیز و اقارب سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کرتا ہوں،نورمحمد چاکرانی بگٹی

ہفتہ 14 جون 2025 22:51

صحبت پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2025ء)نورمحمد چاکرانی بگٹی نے ہفتہ کو ڈسٹرکٹ پریس کلب صحبت پور میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اپنی برادری، رشتہ داروں اور قریبی عزیز و اقارب سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک شریف، باعزت اور خاندانی زندگی گزارنے والے شخص ہیں، اور یہ اعلان وہ مکمل ہوش و حواس میں، بغیر کسی دباؤ کے کر رہے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ آج کے بعد اپنی برادری، بھائیوں، چچازاد بھائیوں اور دیگر رشتہ داروں کے کسی بھی قسم کے عمل یا فعل کے ذمہ دار نہیں ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں ایک شریف انسان ہوں، بال بچوں والا ہوں اور اپنی فیملی کے ساتھ خوش و خرم زندگی گزار رہا ہوں۔ آج کے بعد اگر میری برادری کا کوئی فرد کسی غلط کام میں ملوث پایا جاتا ہے تو اس کی تمام تر ذمہ داری اسی پر عائد ہوگی، میرا اس سے کوئی تعلق نہ ہوگا۔

(جاری ہے)

نورمحمد چاکرانی بگٹی نے تمام سرکاری اور نیم سرکاری اداروں سے اپیل کی کہ ان کا یہ بیان ریکارڈ پر لیا جائے تاکہ مستقبل میں کسی بھی قسم کی غلط فہمی سے بچا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ان کے رشتہ داروں یا برادری کے افراد کے درمیان کوئی مسئلہ یا تنازعہ جنم لیتا ہے تو یہ ان کا ذاتی معاملہ ہوگا اور وہ اس میں کسی صورت فریق نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر خدانخواستہ ان کی ذات کے ساتھ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آتا ہے تو بھی برادری یا رشتہ دار اس میں نہ شریک ہوں گے اور نہ ان سے کوئی تعلق جوڑا جائے۔پریس کانفرنس کے اختتام پر انہوں نے ایک بار پھر اپنے اعلان کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ اپنی زندگی کو اپنے اہل خانہ کے ساتھ عزت اور سکون کے ساتھ گزارنے کے خواہاں ہیں اور کسی برادری یا خاندانی تنازعات کا حصہ نہیں بننا چاہتے۔

متعلقہ عنوان :