nپنجاب بھر میں مختلف ٹریفک حادثات میں701 افراد شدید زخمی

ہفتہ 14 جون 2025 20:00

ن*لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جون2025ء) ایمرجنسی سروسزڈیپارٹمنٹ نے گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1329 ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا جن میں701 افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر نزدیکی ضلعی و تحصیل کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ 887 معمولی زخمی لوگوں کو ریسکیو میڈیکل ٹیموں کے جائے حادثہ پر بروقت طبی امداد فراہم کرنے کی وجہ سے ہسپتالوں پر بوجھ بھی کم ہوا۔

ان حادثات میں زیادہ تر تعداد (80فیصد) موٹر سائیکلز حادثات کی ہے اس لیے وقت کی ضرورت ہے کہ روڈ ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کو کم کرنے کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرتے ہوئے لائن اور لین کے نظم و ضبط کا خیال رکھیں۔ ایمرجنسی اعداد و شمار کے مطابق ریسکیو 1122 کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز کے مطابق ان ٹریفک حادثات میں867 ڈرائیوز، 60کم عمر ڈرائیور، 616 مسافراور 121پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔

(جاری ہے)

اعدادو شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ231 ٹریفک حادثات کی فون کالز لاہور کنٹرول روم میں موصول ہوئیں جس میں صوبائی دارالحکومت 284 متاثرین کے ساتھ پہلے، فیصل آباد93 حادثات میں 118متاثرین کے ساتھ دوسرے، گوجرانوالہ 78 حادثات میں91 متاثرین کے ساتھ تیسرے نمبر پررہا۔ واضح رہے کہ ان ٹریفک حادثات کے کل 1604 متاثرین میں 1261مرد اور343 خواتین شامل ہیں جبکہ زخمی ہونیوالوں میں 243 افراد کی اوسط عمر18سال سے کم 909 افراد کی اوسط عمر 18سے 40سال کے درمیان جبکہ 452 زخمی افراد کی اوسط عمر 40سال سے زائد ہے۔ ان ٹریفک حادثات کے بیشتر واقعات میں 1290 موٹرسائیکلز، 71 آٹو رکشے، 142 کاریں،37وین، 9مسافر بسیں، 25ٹرک اور 123 دوسری اقسام کی گاڑیاں شامل ہیں۔