Live Updates

ترقی پسند ،عوام دوست بجٹ پیش کرکے ثابت کر دیا صوبائی حکومت حقیقی معنوں میں عوامی مسائل کے حل میں سنجیدہ ہے، فضل حکیم خان

حکومت نے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا ،ہم وفاق کے ظالمانہ ٹیکسز کی وصولی میں رکاوٹ بنیں گے، وزیر لائیو سٹاک خیبرپختونخوا

ہفتہ 14 جون 2025 20:10

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2025ء) وزیر لائیو سٹاک خیبرپختونخوا فضل حکیم خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے مالی سال 2025-26 کے لیے ایک جامع، ترقی پسند اور عوام دوست بجٹ پیش کرکے ثابت کر دیا ہے کہ یہ صوبائی حکومت حقیقی معنوں میں عوامی مسائل کے حل اور فلاحی اقدامات میں سنجیدہ ہے عوام دوست بجٹ عمران خان کے ویژن کا عملی عکس ہے، خیبرپختونخوا حکومت نے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا اور ہم وفاق کے ظالمانہ ٹیکسز کی وصولی میں رکاوٹ بنیں گے۔

وفاقی حکومت کا بجٹ ایک دھوکہ ہے ہم فاٹا اور پاٹا میں کسی قسم کا ٹیکس قبول نہیں کریں گے۔ اپنے بیان میں صوبائی وزیر فضل حکیم خان نے کہا کہ بجٹ قائد عمران خان کے ویژن اور عوامی فلاح کے ایجنڈے کا عملی مظہر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کے لیے 17 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جو پائیدار زرعی و مویشی ترقی کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔

فضل حکیم خان نے بتایا کہ چار اضلاع میں اعلی نسلی گھوڑوں کی افزائش نسل کے لیے 500 ملین روپے رکھے گئے ہیں، جبکہ مویشیوں کی مصنوعی افزائش نسل کے عمل کو مزید موثر بنانے کے لیے 1 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع کو بھی بجٹ میں بھرپور نمائندگی دی گئی ہے۔ ان اضلاع میں مویشیوں کے علاج و معالجے، دیکھ بھال اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے 1 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ غربت کے خاتمے، غذائی قلت پر قابو پانے اور مقامی معیشت کو فروغ دینے کے لیے 300 ملین روپے رکھے گئے ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ بجٹ صرف اعداد و شمار کا مجموعہ نہیں بلکہ ایک وژنری دستاویز ہے جو خیبرپختونخوا کے عوام کو خود کفیل، خوشحال اور محفوظ بنانے کی عملی بنیاد فراہم کرے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت اپنے ہر شعبے میں اصلاحات اور بہتری کا سفر اسی جذبے سے جاری رکھے گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بجٹ میں کسی قسم کا نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا ہے اور ہم وفاقی حکومت کے عوام دشمن ٹیکسز کی شدید مخالفت کرتے ہیں انہوں نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا حکومت وفاق کے ظالمانہ ٹیکسوں کی وصولی میں رکاوٹ بنے گی انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی خیبرپختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے ہر فورم پر یہاں تک کہ وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کے سامنے جرگے میں بھی دوٹوک مقف اپنایا کہ ہم فاٹا اور پاٹا میں کسی قسم کا ٹیکس قبول نہیں کریں گے۔

Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات