قائد اعظم گیمز کے فاتح کھلاڑیوں میں 22 لاکھ روپے سے زائد کی رقم اور سرٹیفکیٹس تقسیم

ہفتہ 14 جون 2025 21:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2025ء) قائد اعظم گیمز میں میڈلز جیتنے والے سندھ کے کھلاڑیوں میں وفاق سے ملنے والی 22 لاکھ روپے سے زائد کی رقم اور سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ یہ رقم 161 کھلاڑیوں میں تقسیم کی گئی جنہوں نے قائد اعظم گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی سیکریٹری کھیل عبدالعلیم لاشاری تھے۔

انہوں نے سندھ یوتھ کلب گلستان جوہر میں دو روزہ فوٹو گرافی نمائش کا بھی افتتاح کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری کھیل عبدالعلیم لاشاری نے کہا کہ سندھ کے کھلاڑیوں نے قائد اعظم گیمز میں بہت محنت کی اور میڈلز جیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ "کچھ کھلاڑیوں کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہوں، انہیں اپنی فٹنس مزید بہتر بنانی پڑے گی۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم لاشاری نے سندھ کے نوجوان کھلاڑیوں میں کافی ٹیلنٹ کی موجودگی کو سراہا۔

تقریب میں ایڈیشنل سیکریٹری کھیل اسد اسحاق، ڈپٹی ڈائریکٹر سید حبیب، اور کراچی کے تمام ڈی ایس اوز اسپورٹس بھی شریک تھے۔سیکریٹری کھیل نے اعلان کیا کہ کراچی میں 6 دسمبر سے 13 دسمبر تک نیشنل گیمز ہونے جا رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سندھ کے کھلاڑی اس میں زیادہ سے زیادہ محنت کریں گے اور میڈلز جیتیں گی.سندھ یوتھ کلب میں قوالی کا بھی انعقاد کیا گیا۔