علاقے کی ترقی و خوشحالی کے لیئے ہم سب کو ملکر مثبت کردار ادا کرنا ہوگا،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لورالائی

اتوار 15 جون 2025 19:25

لورالائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2025ء)وزیر علی بلوچستان میر سرفرازبگٹی کے ویژن کے مطابق ڈپٹی کمشنرلورالائی میران بلوچ کی خصوصی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ لورالائی کے زیر انتظام تحصیل میختر میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نورعلی کاکڑ کی سربرائی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ کھلی کچہری میں اسسٹنٹ کمشنر میختر یحیی خان کاکڑ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد مدثر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالحمید لہڑی پی پی ایچ آئی اے ڈی ایس ایم عبدالسلام کاکڑ اور دیگر محکموں کے افسران کے علاوہ علاقے کے قبائلی عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر عوام نے مسائل سے متعلق آگاہ کیا جن میں تعلیم، صحت، پانی، بجلی زراعت، لائیو اسٹاک کے شعبے شامل تھے، جس پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نورعلی کاکڑ نے کھلی کچہری کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو اپنے علاقے کی ترقی و خوشحالی کے لیئے مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امن و امان کے بعد تعلیم، صحت بجلی، پانی اور دیگر بنیادی مسائل حل کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام افسران اور عوامی نمائندے عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں،انکے جائز اور بنیادی مسائل فوری حل کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی تعلیم ہی کے ذریعے ممکن ہے اس لئے محکمہ تعلیم کے متعلقہ افسران اور اساتذہ طلباء و طالبات کی تعلیم پر خصوصی توجہ مرکوز رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے علاقوں میں غربت و پسماندگی کی وجہ سے تقریبا 90 فیصد عوام سرکاری ہسپتالوں پر انحصار کرتے ہیں اس لیئے ڈسٹرکٹ لورالائی کے تمام ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور معاون اسٹاف عوام کے علاج و معالجے میں کوئی کسر باقی نہ چھوڑیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام محکموں کے سربراہ اپنے فرائض منصبی ا حسن طریقے سے انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ صحت تعلیم اور امن امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے اور نہ ہی کوئی کوتاہی برداشت کی جائے گی،اس سلسلے میں تمام محکموں کے سربراہ اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی بہتر بنا کر لوگوں کے جائز مسائل فوری نمٹائیں،عوام کو شکایات کا موقع نہ دیں۔