کلرسیداں ، دودھلی کے جنگلات میں خوفناک آگ، متعدد درخت جل کر راکھ

اتوار 15 جون 2025 21:00

کلرسیداں، 15 جون (اے پی پی) (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2025ء) کلرسیداں کی یونین کونسل دودھلی کے قریب واقع جنگلات میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں مختلف اقسام کے درخت جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئے۔ آگ اس قدر شدید تھی کہ اس نے دیکھتے ہی دیکھتے تقریباً دس ایکڑ رقبے کو لپیٹ میں لے لیا اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور محکمہ جنگلات کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا۔

(جاری ہے)

ان کی فوری مداخلت کے باعث قریبی آبادی اور سرکاری رقبہ ایک بڑے نقصان سے بچ گیا۔ اس موقع پر بلاک آفیسر شہزاد احمد نے اے پی پی کو بتایا کہ سرکاری جنگلاتی رقبے کو محفوظ بنا لیا گیا ہے اور مزید نقصان کی روک تھام کے لیے فائر لائن بھی قائم کر دی گئی ہے۔ ان کے مطابق، آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔یاد رہے کہ گرمیوں کے موسم میں جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات میں اضافہ ہو جاتا ہے، جن سے نہ صرف قیمتی درخت بلکہ جنگلی حیات اور ماحولیات کو بھی شدید نقصان پہنچتا ہے۔

متعلقہ عنوان :