پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی "یوم انسداد ڈینگی" کے موقع پر عوام الناس کے لیے خصوصی ایڈوائزری جاری

اتوار 15 جون 2025 23:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2025ء) پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے "یوم انسداد ڈینگی" کے موقع پر عوام الناس کے لیے خصوصی ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں ڈینگی وائرس سے بچاؤ اور اس کی بروقت شناخت کے حوالے سے اہم احتیاطی تدابیر پر زور دیا گیا ہے۔ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے مطابق ڈینگی بخار ایک خطرناک وائرس ہے جو ایڈیز (Aedes) مچھر کے کاٹنے سے پھیلتا ہے۔

اس کی علامات میں تیز بخار، جسم پر خارش، قے، متلی، آنکھوں کے پیچھے درد، پٹھوں اور جوڑوں میں درد، اسہال، ناک اور مسوڑوں سے خون آنا اور جلد پر نیل پڑ جانا شامل ہیں۔ بخار کی صورت میں بروفن یا اس قسم کی ادویات استعمال نہ کی جائیں بلکہ فوری طور پر مستند معالج سے رجوع کیا جائے۔ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ ڈینگی سے بچاؤ کے لیے گھروں اور اردگرد پانی جمع نہ ہونے دیں کیونکہ یہ مچھروں کی افزائش گاہ بن سکتا ہے۔

(جاری ہے)

کاٹھ کباڑ کو ٹھکانے لگائیں۔ خاص طور پر پرانے ٹائر، ڈرم، گملے، اور دیگر وہ اشیاء جن میں پانی ٹھہر سکتا ہے۔ پورے بازو اور ٹانگوں کو ڈھانپنے والا لباس پہنیں تاکہ مچھر جسم کو نہ کاٹ سکیں۔ کھڑکیوں اور دروازوں پر جالی یا پردے لگائیں تاکہ مچھر اندر داخل نہ ہو سکیں۔ مچھر بھگانے والی اشیاء جیسے کہ سپرے، کریم، کوائل یا برقی آلات کا استعمال کریں۔ ہیلتھ کیئر کمیشن کے مطابق ڈینگی سے بچاؤ ممکن ہے۔ صرف احتیاط، صفائی اور بروقت علاج سے ہی ہم خود کو اور اپنے پیاروں کو اس خطرناک مرض سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :