Live Updates

پنجاب بجٹ، پرائس کنٹرول انفورسمنٹ کیلئے41.3 ارب روپے مختص

پیر 16 جون 2025 22:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2025ء) صوبائی وزیر خزانہ نے پیر کے روز صوبائی اسمبلی میں بجٹ پیش کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ مالی سال 2025-26 کے لیے پرائس کنٹرول اور اس کی انفورسمنٹ کے لیے مجموعی طور پر41.3 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ۔ ترقیاتی مد میں 11.3 ارب روپے اور غیر ترقیاتی مد میں 30 ارب روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی ( پی ای آر اے)کا قیام بھی ہماری حکومت کے اہم کارناموں میں سر فہرست ہے،جس کا مقصد ضلع اور تحصیل کی سطح پر پرائس کنٹرول اور اینٹی انکروچمنٹ سرگرمیوں کے ذریعے حکومتی رٹ کو مستحکم انداز میں نافذ کرنا ہے،یہی وجہ ہے کہ حال ہی میں پورے صوبے میںہماری کامیاب ترین اینٹی انکروچمنٹ اور انسداد گراں فروشی مہم کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے اس نئی قائم شدہ اتھارٹی کے لیے آئندہ مالی سال کے غیر ترقیاتی بجٹ میں 22 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

مزید مالی سال 2025-26 کے تخمینے میں 5 ارب روپے کی لاگت سے (پی ای آ ر اے ) کے انفورسمنٹ کے قیام کے دوسرے مرحلے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔معیاری اور سنتی اشیا شہریوں کو فراہم کرنے کے لئے ہماری حکومت نے ایک سال میں بے پناہ کام کیا ہے۔حکومت پنجاب نے پرائس کنٹرول اینڈ کاموڈیٹیز مینجمنٹ کے نام سے ایک الگ محکمہ قائم کیا جس کا بنیادی مقصد گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کا سد باب کرنا اور عام شہری کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے جس کیلئے بجٹ میں مجموعی طور پر 18 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔اس نصب العین کے تحت ہماری حکومت اگلے مالی سال میں پنجاب بھر کی 100 تحصیلوں میں فلیگ شپ سہولت بازار قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جس کیلئے 10 ارب روپے کے فنڈ مختص کئے گئے ہیں۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات