سوات،چیئرمین ڈیڈیک کا سنگر منگلور میں جاں بحق بچوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت

پیر 16 جون 2025 20:30

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2025ء)چیئرمین ڈیڈیک اختر خان ایڈووکیٹ نے سنگر منگلور میں جاں بحق بچوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔گزشتہ روز سوات کے علاقے منگلور سنگر میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں کچے مکان کی چھت گرنے سے دو معصوم بچے جاں بحق ہوگئے۔ اس اندوہناک سانحے پر چیئرمین ڈیڈیک سوات و رکن صوبائی اسمبلی اختر خان ایڈوکیٹ نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

اختر خان ایڈوکیٹ متاثرہ خاندان کے گھر گئے جہاں انہوں نے جاں بحق بچوں کے والدین اور لواحقین سے ملاقات کی اور دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اختر خان ایڈوکیٹ نے مرحوم بچوں کے لیے دعائے مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ چیئرمین ڈیڈیک اختر خان ایڈوکیٹ کی جانب سے متاثرہ خاندان کو فوری طور پر گھریلو سامان، راشن، اور دیگر ضروری اشیا بھی فراہم کی گئیں تاکہ ان کے دکھ کی اس گھڑی میں ان کی مدد کی جا سکے۔انہوں نے متاثرہ خاندان کو یقین دلایا کہ اس مشکل وقت میں صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ مکمل تعاون فراہم کرے گی اور متاثرہ خاندان کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔