شہر کے مختلف علاقوں میں سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں،11 ملزمان گرفتار ،اسلحہ و منشیات برآمد

پیر 16 جون 2025 20:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2025ء) سٹی پولیس آفیسر سید خالد ہمدانی کی سربراہی میں راولپنڈی شہر کے مختلف علاقوں میں سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائیوں میں قتل ،منشیات و دیگر جرائم میں ملوث 11 ملزمان گرفتارکر لئے گئے۔پولیس ترجمان کے مطابق وارث خان پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 17 سالہ لڑکے کو چھری کے وار سے قتل کرنے والی خاتون کو بیٹے سمیت گرفتار کر لیا۔

تھانہ بنی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے آتش بازی کا سامان لے کر جانے والے شخص کو گرفتار کر لیا، پولیس نے مشکوک موٹر سائیکل سوار کو روک کر چیک کیا تو سامان آتش بازی 200 ہوائیاں بر آمد ہوئیں، وارث خان پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے امانت میں خیانت کے مقدمہ میں مطلوب اشتہار ی کو گرفتار کر لیا، اشتہاری سال 2022 سے وارث خان پولیس کو مطلوب تھا، نصیرآباد پولیس نے ایک فرد کو گرفتار کر کے ایک کلو 580 گرام چرس برآمد کی، کلر سیداں پولیس نے ایک فرد کو گرفتار کر کے 550گرام چرس برآمد کی، چکلالہ پولیس نے ایک فرد کو گرفتار کر کے 10 لیٹر شراب برآمد کی، گوجر خان پولیس نے ایک فرد کو گرفتار کر کے 5 لیٹر شراب برآمد کرلی ۔

(جاری ہے)

راولپنڈی پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے 4 افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ معہ ایمونیشن برآمدکر لیا، زیر حراست افراد کے خلاف کارروائیاں تھانہ صادق آباد، نصیر آباد، گوجر خان اور جاتلی کے علاقوں میں کی گئیں۔