Live Updates

بلوچستان کا 1003ارب روپے سے زائدحجم کا بجٹ (آج) پیش کیا جائیگا

منگل 17 جون 2025 03:25

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2025ء)بلوچستان کا آئندہ مالی سال 2025-26کا 1003ارب روپے سے زائدحجم کا بجٹ آج پیش کیا جائیگا، صوبے کے ملازمین کی تنخواہوں میں دس فیصد اور پنشن میں سات فیصد اضافہ کیا جائے گا ۔محکمہ خزانہ کے ذرائع کے مطابق بلوچستان کامالی سال 2025-26کا بجٹ آ ج منگل کی شام چار بجے وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی صوبائی اسمبلی میں پیش کریں گے ، بلوچستان کو آئندہ مالی سال کے دوران وفاق سے 783ارب روپے ملنے کی توقع ہے صوبائی محصولات سے 124ارب کے حصول کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے، صوبے کا آئندہ مالی سال کا غیر ترقیاتی بجٹ 800 ارب اور صوبائی پی ایس ڈی پی کے 200ارب تک ہونے کا امکان ہے ،محکمہ تعلیم کیلئے 175ارب ،صحت کیلئے 110ارب امن وامان کیلئی100 ارب اور پنشن کی ادائیگی کیلئے 90ارب روپے رکھے جانے کا امکان ہے ، ، صوبے کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ وفاق کی طرز پر کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تین ہزار نئی آسامیوں کا اعلان کیا جائے گا ،جس میں زیادہ آسامیاں تعلیم ،صحت، اور پولیس کے شعبوں میں رکھی جائیں گی،،آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بلوچستان کے شورش زدہ اضلاع کیلئے 35ارب روپے جبکہ صوبے کے اضلاع کی ترقی کیلئے 47ارب رکھے جانے کی تجویز ہے جس کیلئے ہر ضلع میں ایک کمیٹی قائم کی جائے گی،صوبے میں صاف پانی کی فراہمی کیلئے ہر یونین کونسل میں ایک ایک جد ید فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب بھی آئندہ بجٹ کا حصہ ہے ،صوبے کے اسپتالوں میں ادویات کا بجٹ چھ ارب سے بڑھا کر آٹھ ارب کیا جارہا ہے بلوچستان حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ میں صوبائی اخراجات میں 30فیصد کمی کے لئے اقدامات کا بھی اعلان کرے گی ۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات